وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بسنت کے موقع پر حفاظتی ایس او پیز پر عمل کرنے پر اہل لاہور کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ لاہور والوں نے حکومت کے اعتماد کی لاج رکھی۔
امریکا کی ڈپٹی چیف آف مشن نیٹلی بیکر بھی بسنت منانے دہلی گیٹ لاہور پہنچ گئیں
ایک بیان میں مریم نواز نے کہا کہ آج لاہور بہت خوش ہے اور وہ خود بھی بہت خوش ہیں، لاہور کے شہریوں نے قواعد و ضوابط پر عمل کرتے ہوئے محفوظ بسنت منانے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ خوش و خرم مگر محفوظ بسنت کے تصور کو پوری طرح اپنایا گیا، مقررہ سائز اور مقررہ پنے کے علاوہ ممنوعہ ڈور کے استعمال کی کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ چھتوں پر ایس او پیز کے مطابق محفوظ انداز میں بسنت منائی گئی، دھاتی تار استعمال نہ ہونے کے باعث ٹرانسفارمر بھی محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ سیف بسنت کے تصور کو لاہور کے بعد دیگر شہروں میں بھی اپنایا جائے گا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نے بتایا کہ ہر علاقے میں 200 کلینک آن ویل اور 21 فیلڈ اسپتال بھی متعین کیے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج بسنت فیسٹیول کا آخری دن ہے اور عوام احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہ چھوڑیں۔