وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف سے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے حوالے سے کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی انہوں نے بانی سے ملاقات کا کوئی مطالبہ کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے بعد پی ایم ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے بتایا کہ ملاقات میں کوئی سیاسی بات چیت نہیں ہوئی بلکہ دہشت گردی سے متعلق امور پر گفتگو کی گئی، جبکہ آئندہ ایک دو ملاقاتیں مزید ہونے کا امکان ہے۔
ڈیزل مہنگا کرنے کے بعد حکومت نے عوام پر ایک اور بم گرادیا
سہیل آفریدی نے کہا کہ شہباز شریف سے آج ملاقات ہوئی ہے اور اس دوران بلوچستان کے حالات پر اظہار تعزیت کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ این ایف سی اور دیگر بقایا جات کے معاملات پر بھی بات چیت ہوئی ہے، جس پر شہباز شریف نے احسن اقبال کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ مزمل اسلم سے اس حوالے سے بات چیت کریں۔
میڈیا سے گفتگو کے بعد وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم پی ایم ہاؤس سے روانہ ہو گئے۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے درمیان ملاقات ہوئی، جس میں سیکیورٹی کی صورتحال سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کو ملاقات کے لیے مدعو کیا تھا، جس میں خیبر پختونخوا کی سیکیورٹی کی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔