گھر میں 17 لاکھ روپے مالیت کا سونا چوری ہونے کے واقعے کا ڈراپ سین ہو گیا ہے اور تفتیش کے دوران گھر کی بڑی بھابی ہی اس واردات کی ماسٹر مائنڈ نکلی ہے۔ ترجمان پولیس کے مطابق تھانہ ویمن ریس کورس نے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کارروائی کی اور ملزمہ کو گرفتار کر لیا۔
پاکستان نے عالمی بانڈ مارکیٹ میں واپسی کی تیاری شروع کردی
ایس ایچ او ویمن آمنہ جمیل کے مطابق ملزمہ نے اس وقت فائدہ اٹھایا جب گھر کے دیگر افراد موجود نہیں تھے اور خاموشی سے سونا غائب کر دیا۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمہ نے سونا چوری کرنے کے بعد اسے بازار میں فروخت کر دیا تھا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم اپنی ایک سہیلی کے گھر بطور امانت رکھوا دی تھی۔
دورانِ تفتیش ملزمہ نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ اس نے محض دولت اور سونے کی لالچ میں آ کر چوری کی اس واردات کا ڈرامہ رچایا تھا۔ ایس ایچ او آمنہ جمیل کے مطابق ملزمہ اسفارا کے قبضے سے 7 لاکھ روپے نقدی اور سونے کی ایک انگوٹھی برآمد کر لی گئی ہے۔
پولیس نے ملزمہ کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا ہے اور واقعے کی مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ اس حوالے سے ایس پی سول لائنز چوہدری اثر علی کا کہنا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کی حفاظت کرنا پولیس کی اولین ترجیح ہے اور جرم میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔