وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کا الزام: تیراہ آپریشن صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر شروع کیا گیا
پشاور: وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ تیراہ میں آپریشن صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر زور زبردستی اور بدمعاشی کے ذریعے شروع کیا گیا۔
سہیل آفریدی کی زیر صدارت ضلع خیبر کے مشران اور عمائدین کے جرگے میں ضلع خیبر میں امن و امان کی صورتحال اور تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے خاندانوں کے مسائل پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ قومی مشران نے امن کی بحالی اور تیراہ متاثرین کی باعزت نقل مکانی سے متعلق تجاویز پیش کیں۔
کوئٹہ میں تاریخی لمحہ: ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے قائم مقام گورنر بلوچستان کا حلف اٹھا لیا
وزیر اعلیٰ نے تیراہ متاثرین کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا حکومت متاثرین کو بے یار و مددگار نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ تیراہ سے نقل مکانی کرنے والوں کی مدد کے لیے پوری قوم متحد ہے۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی تمام سیاسی جماعتیں اور مکاتب فکر اس بات پر متفق ہیں کہ ملٹری آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردی کا خاتمہ چاہتے ہیں، ہم امن پسند لوگ ہیں اور امن کی بحالی چاہتے ہیں۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ 22 بڑے اور 14 ہزار چھوٹے آپریشنز کے بعد اب کیا ضمانت ہے کہ امن قائم ہو سکے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ بند کمروں کے فیصلے اگر تیراہ پر نافذ کیے گئے تو وہ نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیا جاتا تو قوم کو اعتماد میں لے کر اتفاق رائے سے کام ہوتا، مگر صوبائی حکومت کو اعتماد میں لیے بغیر فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ زور زبردستی اور بدمعاشی کے ذریعے آپریشن شروع کیا گیا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قبائلی عوام نے ملک کے لیے بے شمار قربانیاں دیں اور اپنے گھر بار چھوڑے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایک منظم مائنڈ سیٹ ہے جو یہ نہیں چاہتا کہ پشتون بالخصوص قبائل مین اسٹریم سسٹم کا حصہ بنیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ مائنڈ سیٹ جو 75 سال سے ہمارے خلاف بنا ہے، ہمارے وجود کو تسلیم نہیں کرتا۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ منتخب ہوتے ہی ان کے خلاف گمراہ کن اور منفی پراپیگنڈا شروع کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک منتخب وزیر اعلیٰ کے خلاف پراپیگنڈا کرنا افسوسناک طرز عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی حمایت سے انہوں نے اپنے خلاف ہر منفی بیانیے کو شکست دی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے اپنے عوام سے بندوق کے بجائے قلم دینے کا وعدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کے دفاع کے لیے صف اول میں کھڑے ہوں گے اور کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب ان کی قوم پر مشکل وقت آیا ہے تو وہ چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے عوام کو اتنا شعور دیا ہے کہ وہ حقیقت اور منافقت میں فرق بخوبی جانتے ہیں۔