وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کو غیر قانونی اشتہاری بورڈز اور سائن بورڈز سے پاک کرنے کے لیے جامع کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھوا کی ہدایت پر شہر بھر میں غیر قانونی طور پر نصب کردہ اشتہارات، سائن بورڈز اور دیواروں پر آویزاں مواد کے خلاف بڑے پیمانے پر صفائی مہم جاری ہے۔ اس مہم کا بنیادی مقصد اسلام آباد کے فطری اور قدرتی حسن کو برقرار رکھتے ہوئے اسے ایک منظم دارالحکومت بنانا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن اور سی ڈی اے کے اس اقدام کے تحت نہ صرف کمرشل علاقوں اور مراکز بلکہ رہائشی علاقوں کی دیواروں سے غیر قانونی اشتہارات ہٹائے جا رہے ہیں بلکہ سڑکوں کے کنارے بے جا سائن بورڈز اور کھمبوں پر لگے اشتہاری مواد کو بھی مستقل بنیادوں پر ختم کیا جا رہا ہے۔
صدر امریکا کا وزیراعظم پاکستان کو غزہ امن بورڈ کی دعوت
چیف آفیسر اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن ڈاکٹر انعم فاطمہ نے کہا کہ غیر قانونی اشتہارات لگانے والوں کے خلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ اداروں کی بغیر اجازت تشہیر کرنے والے افراد اور گروہوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ ایسے عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔
چیف آفیسر نے کہا کہ اس ضمن میں تمام ٹریڈ یونینز اور تاجر برادری کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام ٹریڈ یونینز اور تاجر برادری کی جانب سے سی ڈی اے کے اس اچھے اقدام کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔
اس موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شہریوں کا کہنا ہے کہ اس کارروائی سے نہ صرف شہر کی جمالیاتی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا بلکہ دھوکہ باز اور فراڈیہ عناصر کے غیر مجاز اشتہارات سے شہریوں کو تحفظ بھی ملے گا۔
اسلام آباد میٹروپولیٹن کارپوریشن کی انتظامیہ نے وفاقی دارالحکومت کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس طرح کے اقدامات میں بھرپور تعاون کریں اور کسی بھی غیر قانونی اشتہار یا سائن بورڈ کی صورت میں متعلقہ حکام کو فوری اطلاع دیں۔