کراچی میں انٹرمیڈیٹ حصہ اول سائنس جنرل گروپ کے سالانہ امتحانات 2025 کے نتائج کا اعلان چیئرمین اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کراچی فقیر محمد لاکھو نے انٹربورڈ کے کمیٹی روم میں کیا۔ اس موقع پر یونیورسٹیز اینڈ بورڈز ڈیپارٹمنٹ حکومت سندھ کے اسپیشل سیکرٹری سہیل انور بلوچ بھی موجود تھے۔
اسمگل شدہ ایندھن لے جانے والا غیر ملکی آئل ٹینکر قبضے میں لے لیا: ایران
ناظم امتحانات زرینہ راشد نے بتایا کہ سائنس جنرل گروپ میں 19 ہزار 212 امیدواروں نے رجسٹریشن کروائی، جن میں سے 18 ہزار 813 طلبہ و طالبات امتحانات میں شریک ہوئے۔ نتائج کے مطابق 9 ہزار 678 امیدوار تمام چھ پرچوں میں کامیاب قرار پائے، جبکہ 3 ہزار 542 امیدوار پانچ، 2 ہزار 353 چار، 1 ہزار 405 تین، 860 دو اور 580 امیدوار ایک پرچے میں کامیاب ہوئے۔
چیئرمین انٹربورڈ فقیر محمد لاکھو نے کہا کہ انٹربورڈ کراچی کی تاریخ میں پہلی مرتبہ سائنس جنرل گروپ میں ریاضی کا پرچہ ای مارکنگ کے ذریعے جانچا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ روبریکس سسٹم کے تحت ای مارکنگ کے عمل سے ریاضی کے پرچے کی جانچ کی گئی، جس سے شفافیت، درستگی اور معیار کو یقینی بنایا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ انٹربورڈ کراچی امتحانی نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے اور آئندہ سال 2026 کے سالانہ امتحانات میں انٹرمیڈیٹ کے مزید مضامین کی جانچ بھی ای مارکنگ کے تحت کی جائے گی تاکہ امتحانی نظام میں شفافیت اور معیار کو برقرار رکھا جا سکے۔