وہ وقت دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے، وزیراعظم آزاد کشمیر

0

مظفرآباد (سٹاف رپورٹر) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری انوارالحق نے کہا ہے کہ 5 فروری یوم یکجہتی کا دن اہل پاکستان اور اہل کشمیر کے لازوال رشتے، مذہبی،ثقافتی اورسماجی ہم آہنگی کی پہچان ہے،کشمیری مسلمانوں نے قیام پاکستان سے قبل ہی اپنا مستقبل نظریاتی طور پر پاکستان کے ساتھ وابستہ کر دیا تھا۔ ہمیں اس تاریخی فیصلے پر فخر ہے اہل پاکستان نے آزمائش اور مشکل کی ہر گھڑی میں کشمیری عوام کا ساتھ دیا۔یوم یکجہتی کشمیرصرف پاکستان اور آزادکشمیر میں نہیں بلکہ دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری بھی اس دن کو اس عزم کےساتھ مناتے ہیں کہ وہ جدوجہدآزادی میں مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کے شانہ بشانہ ہیں اور رہیں گے۔ میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو یقین دلاتا ہوں کہ پاکستان اور آزادکشمیر کے عوام آپ کی پشت پر ہیں اور سفارتی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کریں گے۔وہ وقت دور نہیں کہ جب مقبوضہ کشمیر کے عوام آزادی کی نعمت سے ہمکنار ہوں گے اور آزاد فضاؤں میں فتح کا جشن منائیں گے۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ پانچ اگست2019اور اس کے بعد انتہاء پسند آر ایس ایس کی ہندوستانی حکومت نے جو اقدامات اٹھائے اس کو ریاست جموں وکشمیر کے عوام نے یکسر مستر د کر دیا ہے۔ میں اپنے ان تمام بھائیوں، بیٹیوں اور بزرگوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ جنہوں نے ہندوستان کے مظالم کے سامنے سر نہیں جھکایا- پاکستان خطے میں امن کا خواہش مند ہے جبکہ ہندوستان اس خطے میں دہشتگردی کا ماسٹر مائنڈ ہے۔ ہندوستانی حکومت کے انتہاء پسندانہ اقدامات نے خطے کا امن خطرے میں ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں پرہندوستان کی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کرتا ہوں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں بند کروائیں اور اقوام متحدہ کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد یقینی بنائیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج نے ظلم وجبر کا ایسا کوئی ہتھکنڈہ نہیں چھوڑا جو بے گناہ اور بے سروسامان کشمیری عوام پرنہ آزمایا ہو لیکن کشمیری عوام جرات، پامردگی اور حوصلے سے اپنے موقف پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے یکطرفہ اقدامات سے اقوام متحدہ کی قراردادوں سے انحراف کسی طور ممکن نہیں۔ ان شاء اللہ حق اور انصاف کی فتح ہو گی۔ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ کشمیر بھارتی استبدادسے آزادہوگا اور ریاست جموں و کشمیر کا الحاق پاکستان کا خواب شرمندہ تعمیر ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.