صمود فلوٹیلا میں شامل سابق سینیٹر مشتاق احمد سمیت 131 افراد اسرائیل کی قید سے رہا

0

اسلام آباد/اردن: صمود فلوٹیلا میں شامل جماعت اسلامی کے سابق سینیٹر مشتاق احمد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

 

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں تصدیق کی کہ سابق سینیٹر مشتاق احمد اس وقت عمان میں پاکستان کے سفارتخانے میں محفوظ اور صحت مند حالت میں موجود ہیں، اور سفارتخانہ ان کی وطن واپسی میں مکمل تعاون فراہم کرے گا۔ انہوں نے اس معاملے میں کردار ادا کرنے والے دوست ممالک اور وزارت خارجہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔

 

اطلاعات کے مطابق مشتاق احمد اس قافلے کا حصہ تھے جو غزہ کے محصور عوام تک انسانی امداد پہنچانے کی کوشش کر رہا تھا۔ اسرائیل نے مشتاق احمد سمیت فلوٹیلا کے متعدد ارکان کو ڈی پورٹ کر کے اردن بھیجا، جہاں مشترکہ انتظامات کے تحت انہیں حسین پل کے راستے داخل کروایا گیا۔ اردن میں پہنچنے والے افراد میں متعدد ممالک کے شہری شامل تھے۔

 

رہائی کے بعد مشتاق احمد نے جاری کردہ ویڈیو پیغام میں کہا کہ فلسطین کی آزادی کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے اپنے قید تجربات کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ قید کے دوران انہیں سخت سلوک کا نشانہ بنایا گیا، ان کے ہاتھ پچھے باندھے گئے، پاؤں میں بیڑیاں لگی تھیں اور وہ بعض اوقات بھوک ہڑتال پر بھی رہے۔

 

مشتاق احمد نے کہا کہ انہیں اور دیگر ساتھیوں کو چند روز بعد رہا کیا گیا اور وہ اس وقت اردن میں ہیں، جہاں سے جلد پاکستان واپس جانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ اسرائیل کے خلاف جدوجہد اور مسجد اقصیٰ کی آزادی تک کوششیں جاری رکھیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.