دہشتگردی پر قابو پانے کیلئے پاکستان سے ہر ممکن تعاون کریں گے، ملائیشین وزیراعظم

0

کوالالمپور: ملائیشیا کے وزیراعظم محمد انور ابراہیم نے کہا ہے کہ دہشت گردی پر قابو پانے کے لیے پاکستان سے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں انور ابراہیم نے کہا کہ خطے میں استحکام کے لیے پاک بھارت امن نہایت اہم ہے، اور ملائیشیا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ وقت کے ساتھ پاکستان اور ملائیشیا کے تعلقات مزید مضبوط ہوئے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملائیشیا کو اپنا دوسرا گھر قرار دیتے ہوئے والہانہ استقبال پر ملائیشین حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان بہترین اور دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔

شہباز شریف نے ملائیشیا کے وزیراعظم کی کتاب اسکرپٹ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ کتاب اسلام آباد اور کوالالمپور کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں پل کا کردار ادا کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ اس دورے سے دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ ملے گا۔ وزیراعظم نے پاکستان سے 20 کروڑ ڈالر مالیت کے حلال گوشت کی برآمد کے فیصلے کا خیرمقدم کیا اور کہا کہ وقت کے ساتھ حلال گوشت کی تجارت میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔

شہباز شریف نے کہا کہ وہ ملائیشین وزیراعظم کے تجربے سے فائدہ اٹھانے اور مشترکہ منصوبوں پر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔ ان کے مطابق انور ابراہیم ایک باصلاحیت اور نمایاں خصوصیات کے حامل رہنما ہیں، جن کا پاکستان کا دورہ دوطرفہ تعلقات میں اہم سنگِ میل ثابت ہوا تھا۔

اس سے قبل، وزیراعظم شہباز شریف کی ملائیشیا کے وزیراعظم آفس آمد پر انور ابراہیم نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر شہباز شریف کو ملائیشیا کی مسلح افواج کے دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، جب کہ استقبالیہ تقریب میں دونوں ممالک کے قومی ترانے بجائے گئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.