فورسز کا بلوچستان میں آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک
بلوچستان کے ضلع شیرانی میں سیکیورٹی فورسز نے کامیاب آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے سات دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر ضلع شیرانی میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے سات دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانے کو بھی مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا، جہاں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔
یاد رہے کہ چند روز قبل بھی سیکیورٹی فورسز نے کوئٹہ کے مضافاتی علاقے غزہ بند میں ایک آپریشن کے دوران 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا تھا۔