میٹا نے اسمارٹ فونز کا متبادل پیش کرنے کے لیے مصنوعی ذہانت سے لیس پہلے اسمارٹ گلاسز متعارف کرا دیے ہیں جنہیں "میٹا رے بین ڈسپلے” کا نام دیا گیا ہے۔ مارک زکربرگ نے ان گلاسز کو ایک ایونٹ کے دوران پیش کیا اور بتایا کہ یہ گلاسز ہائی ریزولوشن ڈسپلے، ہاتھوں کے اشاروں سے کنٹرول اور نیورل بینڈ بریسلیٹ کی مدد سے چلتے ہیں، جو الیکٹرومائیو گرافی ٹیکنالوجی پر کام کرتا ہے۔ صارفین ان گلاسز کے ذریعے ویڈیوز، پیغامات اور دیگر مواد دیکھ سکتے ہیں جبکہ اسکرین صرف ضرورت کے وقت ظاہر ہوگی اور باقی وقت غائب رہے گی۔ ان گلاسز کی قیمت سات سو ننانوے ڈالرز رکھی گئی ہے اور انہیں ستمبر کے آخر میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔ اس کے ساتھ دو مزید اسمارٹ گلاسز بھی متعارف کرائے گئے ہیں جن میں کھیلوں کے شوقین افراد کے لیے اوکلے میٹا وان گارڈ شامل ہے، جو نو گھنٹے تک کام کرے گا اور تھری کے ویڈیوز ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس کی قیمت چار سو ننانوے ڈالرز رکھی گئی ہے۔ تیسرا ماڈل پرانے رے بین اسمارٹ گلاسز کا جدید ورژن ہے جس کی قیمت تین سو اناسی ڈالرز ہے۔ مارک زکربرگ کا کہنا ہے کہ مستقبل میں سستے اور مختلف فیچرز کے حامل اسمارٹ گلاسز عام ہو جائیں گے اور کروڑوں لوگ انہیں روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں گے۔