وزیراعظم کی قطری امیر سے ملاقات، قیادت اور عوام سے اظہاریکجہتی
پاکستان نے دوحا میں حماس پر اسرائیلی حملے کو قطر کی خودمختاری اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے برادر ملک کی قیادت اور عوام سے اظہار یکجہتی کیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے دوحا میں امیر قطر سے ملاقات کر کے اسرائیلی حملے کی شدید مذمت حملہ کی اور کہا کہ یہ حملہ قطری خودمختاری کی خلاف ورزی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور قطر ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔ امیر قطر نےاظہار یکجہتی پر دوحا آمد پر شہبازشریف کا شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف اسرائیلی جارحیت کے تناظر میں امیر قطر شیخ تمیم بن حماد الثانی، شاہی خاندان اور قطری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے دوحا کا ایک روزہ دورہ کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف، وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود تھے۔
قبل ازیں ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم دوحہ میں امیر قطر سے ملاقات کے دوران اسرائیل کی بلاجواز جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزیوں کے پس منظر میں قطر اور قطری عوام سے یکجہتی کا اظہار کریں گے جبکہ اس موقع پر دونوں رہنما خطے میں امن کے قیام اور اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی صورتحال پر مشاورت بھی کریں گے۔
وزیراعظم اس ملاقات میں اس بات کا اعادہ کریں گے کہ قطر اور پاکستان کے دیرینہ تاریخی و برادرانہ تعلقات مشترکہ عقیدے اور اقدار پر مبنی ہیں، پاکستان نے ہر مشکل وقت میں قطر کا ساتھ دیا ہے اور آئندہ بھی دیتا رہے گا۔