راولپنڈی: پاکستان تحریک انصاف کی رہنما علیمہ خان پر پریس کانفرنس کے دوران انڈا پھینکنے کا واقعہ پیش آیا، جس میں ملوث دونوں خواتین کا تعلق خیبرپختونخوا سے نکلا ہے۔ راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق دونوں خواتین کا تعلق پی ٹی آئی سے ہے۔
ترجمان پولیس کے مطابق خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس اور آل پاکستان کلرک ایسوسی ایشن کے کارکنان اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج کے لیے راولپنڈی آئے تھے، جہاں یہ واقعہ پیش آیا۔
پولیس کے مطابق علیمہ خان کی پریس کانفرنس کے دوران خواتین نے سوالات کیے، جن پر انہیں مناسب جواب نہ ملنے پر غصے کا اظہار کیا اور انڈا پھینکا۔ واقعہ کے فوراً بعد دونوں خواتین کو پولیس تحویل میں لے لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
ترجمان نے مزید کہا کہ واقعہ کی مکمل تحقیقات کی جا رہی ہیں اور قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


