لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس عالیہ نیلم کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر گزشتہ سماعت کا تحریری حکم جاری کر دیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق عدالت نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 175 مظفرگڑھ میں الیکشن کمیشن کی جانب سے 14 جولائی کو جاری کیا گیا انتخابی شیڈول معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ درخواست میں اہم قانونی نکات اٹھائے گئے ہیں جن میں الیکشن کمیشن کے فیصلے اور عدالت کے دائرہ اختیار کا معاملہ شامل ہے۔
عدالت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کو نوٹس جاری کرتے ہوئے اٹارنی جنرل کو بھی قانونی معاونت کے لیے طلب کر لیا ہے۔ جمشید دستی کی درخواست پر آئندہ سماعت 10 ستمبر کو مقرر کی گئی ہے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ECP) نے رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کو نااہل قرار دیا تھا۔ ان کے خلاف اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے بھی ریفرنس دائر کیا گیا تھا، جبکہ ان کی تعلیمی اسناد جعلی قرار دی گئی تھیں۔
الیکشن کمیشن نے جمشید دستی کے خلاف دائر کی گئی دو نااہلی کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں نااہل قرار دیا تھا، جس پر انہوں نے عدالت سے رجوع کیا۔


