راولپنڈی — منشیات فروشوں سے مبینہ روابط اور مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر راولپنڈی پولیس کے 17 اہلکاروں کو ملازمت سے برطرف کر دیا گیا ہے۔ محکمہ پولیس کی داخلی انکوائری کے بعد یہ سخت اقدام اٹھایا گیا۔
برخاست کیے گئے اہلکاروں میں ایک سب انسپکٹر، چار اسسٹنٹ سب انسپکٹر (ASI)، چار ہیڈ کانسٹیبل اور آٹھ کانسٹیبل شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق یہ اہلکار منشیات فروشوں کے ساتھ روابط میں تھے اور بعض پر ان کے لیے سہولت کاری کے الزامات بھی عائد کیے گئے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ محکمے میں احتساب کا عمل جاری رہے گا اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ راولپنڈی پولیس ترجمان کے مطابق منشیات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جا رہا ہے۔
شہری حلقوں نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ محکمہ پولیس کو خود کو پاک صاف کرنے کے لیے ایسے سخت فیصلے جاری رکھنے چاہئیں۔