راولپنڈی :وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے جمعہ کوپی اے ایف بیس نورخان، راولپنڈی میں نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا۔
وزیر اعظم کی آمد پر چیف آف ائیر سٹاف ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء اور اعلیٰ سول و عسکری حکام بھی موجود تھے۔
اپنے خطاب میں وزیراعظم پاکستان نے نیشنل ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک کو قومی اور سٹریٹجک اہمیت کا حامل منصوبہ قرار دیا جس سے ملک کے لیے کثیر جہتی فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ منصوبہ تکنیکی ترقی کی حوصلہ افزائی کرے گا اور نوجوانوں اور ہماری آنے والی نسلوں کو ایک پلیٹ فارم فراہم کرکے ملک کو مزید خود انحصار بنائے گا۔ انہوں نے ریکارڈ وقت میں اس سنگ میل کو حاصل کرنے پر پاک فضائیہ اور اس کے ہنر مند اہلکاروں کی کاوشوں کو سراہا۔
انہوں نے مزید کہاکہ این اے ایس ٹی پی ایک انتہائی امید افزا منصوبہ ہے جس سے اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھاتے ہوئے پاکستان کی معیشت کو تیز رفتاری سے ترقی کی جانب گامزن کرنے میں مددملے گی۔ یہ منصوبہ جدید ترین ڈیزائن، جدت سے لیس ہے۔ تحقیق اور ترقی کے مراکز جو ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے وسیع مواقع فراہم کریں گے۔اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ ایس آئی ایف سی کی سرپرستی اور تعاون کے تحت ایرو اسپیس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کو اقتصادی بحالی کے اقدام کے کلیدی شعبوں میں سے ایک کے طور پر قابل بنائے گا۔
چیف آف دی ائیر سٹاف نے آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کے تعاون، اشتراک اور ذاتی شمولیت پر شکریہ ادا کیا جس نے اس منصوبے کے نظریہ کو عملی جامہ پہنانے میں مدد دی۔این اے ایس ٹی پی پاکستان اور اس کے قابل قدر شراکت داروں کے لیے سماجی، اقتصادی، تکنیکی اور سائنسی فوائد کو یقینی بنانے کے لیے ایوی ایشن، اسپیس، سائبر اور کمپیوٹنگ کے شعبوں میں تحقیق، ترقی اور جدت کو فروغ دے گا۔ یہ منصوبہ خود مختار معیشت کو فروغ دینے کے لیے سنگ میل کا کام کرے گا اور ملک میں بے مثال تکنیکی ترقی کو بھی فروغ دے گا۔