آپشنز انٹرنیشنل نے 60 لاکھ رُوپے جُرمانہ قومی خزانہ میں جمع کرا دیا
اسلام آباد(نیوزڈیسک)سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے اپیل مسترد کیے جانے کے بعد آپشنز انٹرنیشنل، نے 60 لاکھ رُوپے جُرمانہ قومی خزانے میں جمع کرا دیا ہے۔ آپشنز انٹرنیشل، لاہور میں قائم اپنے ریسٹورنٹ میں کافی کی مارکیٹنگ کے لئے بین الاقوامی شہرت یافتہ کافی برانڈ، سٹار بکس کا نام غیر قانونی طور پر استعمال کر رہی تھی۔
سپریم کورٹ نے اپنے حکم نامے میں کمپیٹیشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ آپشنز انٹرنیشنل نے اپنی مصنوعات کو بین الاقوامی برانڈ نام سٹاربکس کے نام سے فروخت کرکے اور اس کا لوگو استعمال کرکے اپنے کاروبار کو آگے بڑھایا، جس سے دیگر حریف کاروبار کرنے والوں کو مارکیٹ میں مقابلے کا ماحول میسر نہیں رہا جبکہ صارفین بھی ان کی پراڈکٹ کو حقیقی سٹار بکس کی پراڈکٹ سمجھتے ہوئے دھوکے کا شکار ہوئے۔
مزیدپڑھیں:وزیراعظم کا پاسکو میں مبینہ گندم سکینڈل کا نوٹس، مجرمانہ کارروائی کا حکم
کمپٹیشن کمیشن آف پاکستان (سی سی پی) نے تحقیقات اور سماعتوں کے بعد آپشنز انٹرنیشنل پر50 لاکھ رُوپے جُرمانہ نافذ کیا تھا جس کے خلاف آپشنز نے کمپٹیشن اپیلٹ ٹربیونل میں اپیل کی اورجون 2024 میں مُسترد ہو گئی۔ ٹربیونل نے کمپنی پر جُرمانہ کی رقم بڑھا کر 60 لاکھ رُوپے کر دی۔ آپشنز نے ٹربیونل کے فیصلہ کے خلاف سُپریم کورٹ میں اپیل کی جسے کہ سُپریم کورٹ نے مُسترد کردیا۔
سپریم کورٹ کے حکم کے بعد آپشنز انٹرنیشنل نے 60 لاکھ رُوپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کرا دی ہے۔ سی سی پی کی نئی انتظامیہ کی انفورسمنٹ کوششوں سے ، گذشتہ ایک سال کے دوران مارکیٹ میں کمیٹیشن قوانین کی خلاف ورزی پر 3 کروڑ 80 لاکھ رُوپے جرمانے ریکور کئے گئے۔