بھارت پاکستان میں سموگ پھیلانے کا ذمہ دار ہے،مریم اورنگزیب

0

لاہور(نمائندہ خصوصی)سینئرصوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے تحفظ ماحول کے عالمی دن کے موقع پرپلاسٹک پرپابندی کا اعلان کردیا،جبکہ پلاسٹک موت ہے پر عوام کی آگاہی مہم کا آج سے آغاز کیاجارہا ہے ۔

 

سینئر وزیرمریم اورنگزیب نے محکمہ تحفظ ماحول کے زیراہتمام کانفرنس سے خطاب کے دوران عوام سے اپیل کی کہ شاپنگ بیگز کی جگہ کپڑے کے تھیلوں کے استعمال کو دوبارہ رواج دیں، عوام اپنے روئیے اور مائنڈ سیٹ بدلیں،پلاسٹک کا استعمال ختم کریں اور حکومتی پالیسیوں کا ساتھ دیں۔

انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک ویسٹ کی مؤثرہینڈلنگ اوررسائیکلنگ کے حوالے سے لائحہ عمل متعین کیا جائے گا۔سینئروزیر نے ہدایت کی کہ سرکاری خریداریاں کرتے وقت ماحول دوست مصنوعات کو ترجیح دی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ جس دن سے مریم نواز شریف کی حکومت بنی ، اسی دن سے ہم نے سموگ اورآلودگی کے خاتمے کیلئے کام کا آغاز کردیاتھا،بجٹ کے بعد وزیراعظم شہباز شریف کا سولرپروگرام گھرگھرپہنچے گا۔

انہوں نے کہاکہ اصل ذمہ داربھارت ہے جو پاکستان میں سموگ پھیلا رہا ہے۔

انہوں نے بتایاکہ فصلوں کی باقیات کو آگ لگانے سے روکنے کیلئے کسانوں کو 60فیصدسبسڈی پرماحول دوست ایگری مشینیں دی گئی ہیں۔ پلاسٹک ماحولیاتی آلودگی میں اضافے کاباعث ہے ،اس لئے آج سے عوام کی صحت وزندگی کی حفاظت کیلئے اسے بین کیاجارہا ہے ۔

اب 75مائیکرون سے کم موٹائی والے شاپنگ بیگزپرپابندی ہے اورسنگل یوز پلاسٹک بھی بین ہے ، پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اس فیصلے پرعملدرآمد کروانے کے پابند ہیں،خلاف ورزی کی صورت میں گرفتاریاں،جرمانے اور سزائیں ہوں گی،عوام پلاسٹک کے استعمال کی حوصلہ شکنی کریں اور متبادل ذرائع پر شفٹ ہوں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.