چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت اسلام آباد بس سروس کے حوالے سے اجلاس
سلام آباد (سٹاف رپورٹر)چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) محمد علی رندھاوا کی زیر صدارت پیر کے روز اسلام آباد بس سروس کے حوالے سے ایک اہم اجلاس سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوا. اجلاس میں ممبر انجینئرنگ , ممبر پلاننگ و ڈیزائن سمیت سی ڈی اے کے دیگر سنیئر افسران نے شرکت۔

چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا کو بریفننگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 30 ای وی بسیں پاکستان پہنچ چکی ہیں اور جلد ہی باقی 70 بسیں بھی پاکستان پہنچ جائیں گی. بریفننگ دیتے ہوئے انہیں مزید بتایا گیا کہ آئی نائن، ترامڑی چوک اور زیرہ پوائنٹ پر بنائے جانے والے ڈپوز کے ٹینڈرز ہوچکے ہیں اور جلد ہی سب سے کم موصول ہونے والی بولی کو ٹینڈر ایوارڈ کردیا جائے گا۔
اس موقع پر چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ بس ڈپوز کی تعمیر کے حوالے سے حتمی ٹائم لائن دی جائے اور دی گئی ٹائم لائن کے اندر یقینی بنایا جائے کہ ڈپوز اور چارچنگ پوائنٹس مکمل طور پر فعال ہیں. اسی طرح مستحقین جن میں طلباء اور بزرگ شامل ہیں انکو سبسڈی دینے کے لئے طریقہ کار بنایا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ روٹ کو ڈپلومیٹک انکلیو تک ایکسٹینشن دینے کے لئے ورکنگ کی جائے اور اسلام آباد بس سروس منصوبے کا پنجاب میڑو بس اتھارٹی پی ایم اے کے ماڈل کے ساتھ تقابلی جائزہ کیا جائے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے مزید کہا کہ دی گئی ٹائم لائن سے زیادہ تاخیر ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی. انہوں نے مزید کہا اسلام آباد بس سروس کو مثالی منصوبہ بنایا جائے تاکہ شہریوں کو اعلیٰ اور معیاری سفری سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جاسکے۔
