پاکستانتازہ ترین

وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اولین ترجیحات میں نوجوانوں کوتربیت، ہنر اور روزگار کی فراہمی

اسلام آباد۔ :وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امورنوجواناں شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاہے کہ نوجوانوں کوتربیت، ہنر اور روزگار کی فراہمی وزیراعظم محمد شہباز شریف کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، نوجوانوں کی صلاحیتوں سے استفادہ کرکے ہی ملک کو ترقی اورخوشحالی کی راہ پرگامزن کیا جاسکتاہے، پی ٹی وی پرحملوں سے شروع ہونے والا سلسلہ جی ایچ کیو اورفوجی تنصیبات پرحملوں پر منتج ہوا،ہم سب نے مل کرسول وارکو ناکام بنادیا ہے، ہمارے نوجوانوں کو ملک کا آئین ضرور پڑھنا چاہئیے۔

ہفتہ کوقومی اسمبلی میں اظہارخیال کرتے ہوئے شزہ فاطمہ خواجہ نے کہاکہ ملک کی 70 فیصد آبادی نوجوان ہے جو پاکستان کامستقبل ہی نہیں بلکہ حال بھی ہے، یہ وہ بچے اوربچیاں ہیں جن کو اگر ہم ایک اچھے انداز میں روزگارمہیا کر دیں اورانہیں باہنر کردیں تو ملک کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا،اگر ہم نے ان کی صلاحیتوں سے فائدہ نہیں اٹھایا تویہ ہمارے لئے مشکلات پیداکرے گا۔انہوں نے کہاکہ 2009میں یوتھ کی وزارت صوبوں کے پاس چلی گئی، 2013 میں محمدنواز شریف نے تاریخ کاپہلا یوتھ پیکج دیا اور پی ایم آفس کے اندر ایک دفتر قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہاکہ آج کے نوجوانوں کویہ بات یاد رکھنی چاہئیے کہ 2013 میں 18 گھنٹے لوڈشیدنگ ہورہی تھی، ملک میں دہشت گردی تھی، اس وقت کے 8 سال کے بچے جو آج جوان ہیں کو یادرکھنا چاہئیے کہ مسلم لیگ ن کے ان 5 سالوں میں پاکستان نے ان مسائل کو حل کردیاتھا۔2014 میں دھرنے کی شکل میں دھرنا لگایاگیا اورملک میں نفرت اورانتشارکی سیاست کاآغاز کیاگیا۔کنٹینرز پر ملک کی ثقافت اوربزرگوں کا مذاق اڑایاگیا، آج کاسیاسی ماحول اسی نفرت کا شاخسانہ ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان اورحکومت پنجاب نے 2013 سے لیکر2018 تک مشترکہ طورپر 10لاکھ طلبا وطالبات کو لیپ ٹاپ دئیے تھے، انہی لیپ ٹاپ سے ان بچوں نے کوویڈ میں نہ صرف تعلیم حاصل کی بلکہ روزی بھی کمانے کے قابل ہوئے۔ انہوں نے کہاکہ 2018 میں ہم نے فاشزم کانیا دوردیکھا، سیاسی مخالفین کو جیلوں میں ڈالاگیا، انتقامی سیاست کوفروغ دیا گیا، نوجوانوں کے ذہنوں میں سیاستدانوں کے خلاف نفرت پھیلائی گئی، اس مقصد کیلئے سوشل میڈیا کا منظم طریقے سے استعمال کیاگیا، پاکستان کوباقاعدہ طورپر نفرتوں میں دھکیلا گیا۔ یوتھ کے نعرے لگانے والے بتائے کہ انہوں نے چارسالوں میں نوجوانوں کیلئے کیا کیا۔ سرکاری خرچہ پرلوگوں کوبھرتی کرکے پراپیگنڈہ کیاگیا اورنفرت پھیلائی گئی، یہ سیاسی مخالفین کو ٹارچر کرکے فخر کرتے تھے۔

انہوں نے کہاکہ ان اقدامات سے پاکستان کرپشن میں 117سے 140 پرچلاگیا، پاکستان کے وزیراعظم کو میڈیا پری ڈیٹرکا ٹائٹل ملا، ان واقعات کا عروج قوم نے 9 مئی کی شکل میں دیکھا، پی ٹی وی پرحملوں سے شروع ہونے والا سلسلہ جی ایچ کیو اورفوجی تنصیبات پرحملوں پر منتج ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ہم سب نے مل کرسول وارکو ناکام بنادیا ہے، ہم نے ان بچوں کوسیدھے راستے پرلانا ہے، ہمارے نوجوانوں کو ملک کا آئین ضرور پڑھنا چاہئیے۔ پرامن احتجاج سب کا حق ہے مگر قانون توڑنا اورجارحیت کی اجازت نہیں ہے، نوجوانوں کواپنی ذمہ داریاں سمجھنا ہوگی۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعظم شہباز شریف نے نوجوانوں کیلئے پروگرام کودوبارہ شروع کردیا ہے، اس سال ایک لاکھ لیپ ٹاپ فراہم کئے جائیں گے، نوجوانوں کیلئے مختلف کھیلوں کے ٹرائلز شروع کئے گئے ہیں، نوجوانوں کو 30 ارب روپے کے قرضے فراہم کئے گئے ہیں۔سکل ڈولپمنٹ میں 60ہزار نوجوانون کوجبکہ روایتی شعبوں میں 40 ہزار نوجوانوں کو تربیت فراہم کی جارہی ہے۔

 

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button