اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے چلاس شاہراہ قراقرم پربس حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی جانب سے جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا گیا اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے دعا کی گئی۔
وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ حادثے میں جانی نقصان پر بہت دکھ ہوا، ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے لواحقین کے ساتھ ہیں، دکھ کی گھڑی میں سوگوار خاندانوں کے غم میں برابرکے شریک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افرادکے لواحقین کو صبر جمیل عطافرمائے، دعاہے زخمی افرادجلد صحتیاب ہوں۔
واضح رہے کہ چلاس یشوکل داس میں مسافر بس موڑ کاٹتے ہوئے گہری کھائی میں جا گری، جس کے نتیجے میں 20 مسافر لقمہ اجل بن گئے، جبکہ متعدد زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ بس حادثے کے متعدد زخمیوں کی حالت تشویش ناک ہے، ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ترجمان وزیراعلیٰ گلگت بلتستان فیض اللہ فراق کے مطابق افسوسناک حادثے میں 20 افراد جاں بحق ہوئے، بس یشوکھل کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے کھائی میں گرگئی۔
ترجمان نے بتایا کہ زخمیوں کو ریجنل ہیڈ کوارٹرز اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، مسافر بس راولپنڈی سے ہنزہ جارہی تھی۔