Gas Leakage Web ad 1

عطاء اللہ تارڑ سے سعودی سفیر کی ملاقات، میڈیا اور ثقافتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

0

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ سے پاکستان میں تعینات سعودی عرب کے سفیر راجع بن طامی البقمی نے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات، نشریات، میڈیا، ثقافت اور عوامی روابط کے شعبوں میں تعاون مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ وفاقی وزیر نے سعودی سفیر کو پاکستان میں تعیناتی پر مبارکباد دیتے ہوئے خوش آمدید کہا۔ عطاء اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات نئی بلندیوں کو چھو رہے ہیں اور یہ رشتہ محض سفارتی یا سیاسی نہیں بلکہ تاریخی، مذہبی اور عوامی سطح پر مضبوط بنیادیں رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کئی نسلوں پر محیط ہیں، جبکہ مکہ دفاعی معاہدہ دفاعی تعاون کے حوالے سے مضبوط شراکت داری کا عکاس ہے۔ وفاقی وزیر نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی قیادت میں سعودی عرب میں معاشی اور ثقافتی تبدیلیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ العلا میں سیاحت کا فروغ اور الدرعیہ کی تاریخی و ثقافتی اہمیت کو جدید انداز میں اجاگر کرنا سعودی قیادت کے وژن کی نمایاں مثالیں ہیں۔

Gas Leakage Web ad 2

ملاقات میں پاکستانی ڈراموں کو سعودی عرب میں متعارف کرانے، مشترکہ ثقافتی منصوبوں پر کام کرنے اور دونوں ممالک کے ادیبوں، شاعروں، فنکاروں، موسیقاروں، میڈیا نمائندوں اور ڈیجیٹل مواد تخلیق کرنے والوں کے وفود کے تبادلے کی تجاویز پر بھی بات ہوئی۔ عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستانی ڈرامے خاندانی اقدار، مشرقی روایات اور اسلامی ثقافت کی عکاسی کرتے ہیں، جبکہ پاکستان قدرتی حسن اور تاریخی مقامات کے حوالے سے سیاحت کے بے پناہ مواقع رکھتا ہے۔ انہوں نے سعودی میڈیا نمائندوں، سیاحوں اور ڈیجیٹل انفلوئنسرز کو پاکستان کے سیاحتی مقامات کے دورے کی دعوت بھی دی۔

وفاقی وزیر نے غلط معلومات اور منفی پروپیگنڈے کی روک تھام، مؤثر فیکٹ چیکنگ اور مشترکہ ثقافتی اقدار کی عکاسی کرنے والے مواد کی تیاری میں تعاون پر زور دیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی، جس میں دونوں ممالک کے فوکل پرسنز اور تکنیکی ٹیمیں شامل ہوں۔ عطاء اللہ تارڑ نے سعودی سفیر کو سوشل میڈیا انفلوئنسرز کے ذریعے عوامی آگاہی اور حکومتی اقدامات کی تشہیر کے حوالے سے بھی آگاہ کیا اور بتایا کہ وزیراعظم فیول ریلیف اسکیم سے متعلق ایک سوشل میڈیا پوسٹ کو اسی لاکھ سے زائد مرتبہ دیکھا گیا۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیر نے سعودی عرب میں مقیم پاکستانی شہری فرمان علی خان کی قربانی کا بھی ذکر کیا، جنہوں نے 2009 میں جدہ میں سیلاب کے دوران متعدد افراد کی جانیں بچاتے ہوئے اپنی جان قربان کردی تھی۔ انہوں نے فرمان علی خان کو دونوں ممالک کے عوام کے درمیان محبت اور بھائی چارے کی روشن مثال قرار دیا۔ دوسری جانب سعودی سفیر راجع بن طامی البقمی نے پاکستان اور سعودی عرب کے مضبوط برادرانہ تعلقات، باہمی اعتماد، احترام اور سیاسی و عسکری تعاون کو قابل فخر قرار دیتے ہوئے ثقافتی تقریبات، فنون، ادب اور میڈیا کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.