اسلام آباد میں چیف آف دی ایئر اسٹاف سرینا ہوٹلز انٹرنیشنل اسکواش چیمپئن شپ 2025 اختتام پذیر ہوگئی، جس میں عالمی نمبر 43 نور زمان نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ چیمپئن شپ پاکستان اسکواش فیڈریشن نے سرینا ہوٹلز کے تعاون سے 24 سے 28 نومبر 2025 تک مصحف اسکواش کمپلیکس میں منعقد کی، جس میں پاکستان کے سات کھلاڑیوں سمیت جمہوریہ چیک، مصر، ہانگ کانگ، جاپان، ملائیشیا اور سوئٹزرلینڈ کے ستّرہ عالمی رینکنگ کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔
روس نے ملک بھر میں واٹس ایپ پر مکمل پابندی کا عندیہ دے دیا
سرینا ہوٹلز نے اپنے اسپورٹس ڈپلومیسی انیشیٹو کے تحت پاکستان میں کھیلوں کے فروغ اور مختلف قومیتوں کے درمیان روابط مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر کہا گیا کہ ایسے ایونٹس ایتھلیٹک مہارتوں کو اجاگر کرنے اور ملک میں عالمی معیار کے مقابلوں کے انعقاد کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
فائنل میچ پاکستان کے محمد حمزہ خان اور نور زمان کے درمیان کھیلا گیا۔ دلچسپ مقابلے میں نور زمان نے حمزہ خان کو 9-11، 7-11، 11-7، 11-4 اور 11-8 سے شکست دے کر چیمپئن شپ جیت لی۔
اختتامی تقریب میں پاکستان اسکواش فیڈریشن کے صدر ائیر مارشل کاظم حماد نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں اور سووینئر تقسیم کیے۔ اس موقع پر پی ایس ایف کے سینئر نائب صدر ایئر وائس مارشل سہیل اکبر، سرینا ہوٹلز کے چیف آپریٹنگ آفیسر فہیم انعام، اسکواش لیجنڈ قمر زمان، نائب صدر پی ایس ایف ڈاکٹر ریاض خان، سندھ ایسوسی ایشن کے صدر عدنان اسد، کھلاڑیوں، آفیشلز اور اسکواش کے شائقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔
ترجمان پاک فضائیہ کے مطابق چیمپئن شپ کا کامیاب انعقاد پاکستان میں عالمی کھیلوں کے فروغ کی جانب ایک اہم قدم ہے۔