ایلون مسک کی دولت مندی کا نیا ریکارڈ قائم 

0

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے دولت کا ایک نیا ریکارڈ قائم کردیا ہے۔ امریکی جریدے فوربز کے مطابق ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے مالک ایلون مسک 500 ارب ڈالر کمانے والے دنیا کے پہلے فرد بن گئے ہیں۔ فوربز بلین ائیر انڈیکس کے مطابق یکم اکتوبر کو ان کے اثاثے 500 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئے تھے تاہم بعد میں معمولی کمی کے بعد وہ اس وقت 499.1 ارب ڈالرز کے مالک ہیں۔ یہ اضافہ ان کی کمپنی ٹیسلا کے حصص اور دیگر کاروباری اداروں کی قدر بڑھنے سے ممکن ہوا۔

 

ایلون مسک ٹیسلا کے 12.4 فیصد حصص کے مالک ہیں اور ان کی زیادہ تر دولت اسی کمپنی کے شیئرز سے وابستہ ہے۔ رواں سال اب تک ٹیسلا کے حصص میں 14 فیصد اضافہ ہوچکا ہے، جب کہ یکم اکتوبر کو صرف ایک دن میں 3 فیصد اضافے سے ان کی دولت میں 6 ارب ڈالر سے زیادہ اضافہ ہوا۔ چند ماہ پہلے تک ان کے اثاثوں میں نمایاں کمی آرہی تھی لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے سیاسی فاصلہ اختیار کرنے کے بعد انہوں نے دوبارہ اپنی کمپنیوں پر توجہ دی۔ حال ہی میں انہوں نے ٹیسلا کے ایک ارب ڈالر مالیت کے حصص خریدے جس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بحال ہوا۔

 

ایلون مسک کی دیگر کمپنیوں کی قدر میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اسپیس ایکس کی مالیت تقریباً 400 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایکس اے آئی کی جولائی میں 75 ارب ڈالرز تک قدروقیمت رہی۔ اس سے قبل دسمبر 2024 میں ایلون مسک 400 ارب ڈالر کمانے والے دنیا کے پہلے شخص بنے تھے۔

 

انفارما کنکٹ اکیڈمی کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ایلون مسک کی دولت میں سالانہ 110 فیصد کی اوسط سے اضافہ ہورہا ہے اور اگر یہ رفتار برقرار رہی تو وہ 2027 تک ایک ہزار ارب ڈالر کے مالک بننے والے دنیا کے پہلے فرد ہوں گے۔ فی الحال ایلون مسک 499 ارب ڈالرز کے ساتھ دنیا کے سب سے امیر شخص ہیں اور اوریکل کے شریک بانی لیری ایلیسن (350.7 ارب ڈالرز) سے تقریباً 150 ارب ڈالر زیادہ دولت رکھتے ہیں۔ میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ 245 ارب ڈالرز کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.