فٹبالر کی موت پر گول کیپر کو 12 میچز کی پابندی، جیرارڈ پیکے نے سزا غیر منصفانہ قرار دے دی
اسپین میں فٹبال میچ کے دوران ٹکر سے کھلاڑی جیسس ڈی میگوئل جان کی بازی ہار گئے، واقعے کے بعد گول کیپر جیسس اوونو کو معطل کرنے پر نئی بحث چھڑ گئی۔
اسپین میں فٹبال میچ کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں کھلاڑی کی موت کے بعد گول کیپر کو 12 میچوں کے لیے معطل کیے جانے پر فٹبال حلقوں میں بحث چھڑ گئی ہے۔ ایف سی آندورا کے مالک اور سابق معروف فٹبالر جیرارڈ پیکے نے گول کیپر کو دی جانے والی سزا پر سوالات اٹھا دیے ہیں۔

24 نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ 2 نومبر کو اسپین کے دوسرے درجے کے فٹبال مقابلے میں پیش آیا، جہاں ایف سی آندورا کے گول کیپر جیسس اوونو اور ٹینیریف کے فارورڈ جیسس ڈی میگوئل کے درمیان میچ کے دوران شدید ٹکر ہوگئی۔
واقعے میں جیسس ڈی میگوئل کے سینے پر گول کیپر کا گھٹنا لگا، جس کے بعد وہ شدید زخمی ہوگئے اور انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال کے انتہائی نگہداشت وارڈ (آئی سی یو) منتقل کیا گیا، تاہم وہ اگلے روز دم توڑ گئے۔
گول کیپر کو 12 میچوں کی پابندی
اسپینش فٹبال فیڈریشن کی تادیبی کمیٹی نے واقعے کے بعد گول کیپر جیسس اوونو کو پرتشدد کھیل اور سنگین چوٹ کا سبب بننے پر 12 میچوں کے لیے معطل کردیا۔
اس فیصلے کے بعد فٹبال کے حلقوں میں یہ بحث شروع ہوگئی کہ آیا حادثاتی طور پر پیش آنے والے واقعے پر گول کیپر کو اتنی سخت سزا دینا درست ہے یا نہیں۔
جیرارڈ پیکے کا سزا پر اعتراض
ایف سی آندورا کے مالک اور سابق بارسلونا اسٹار جیرارڈ پیکے نے سوشل میڈیا پر جاری ایک ویڈیو میں گول کیپر کو دی جانے والی سزا کو غیر منصفانہ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ اس واقعے کو کھلاڑیوں، سابق فٹبالرز، کوچز اور گول کیپرز سمیت متعدد افراد نے حادثہ قرار دیا ہے۔ ایسے میں جیسس اوونو کو زیادہ سے زیادہ سزا دینا مناسب نہیں کیونکہ واقعے کے تمام نتائج کا ذمہ دار صرف انہیں قرار نہیں دیا جاسکتا۔
پیکے نے اسپین میں پیش آنے والے ایک دوسرے واقعے کی مثال بھی دی، جہاں الباسیٹے کے کھلاڑی جوزے کورپاس کو میچ کے دوران غلطی سے مخالف کھلاڑی کے سر پر لات لگنے کے بعد تین میچوں کی پابندی کی سزا سنائی گئی تھی، تاہم متاثرہ کھلاڑی محفوظ رہا تھا۔
فٹبال حکام کے فیصلے پر اہم سوال
جیرارڈ پیکے نے فٹبال حکام کے فیصلوں پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کسی کھلاڑی کو سزا اس کے عمل کی بنیاد پر دی جاتی ہے یا اس عمل کے نتیجے میں پیش آنے والے نقصان کی بنیاد پر؟
ان کے مطابق دونوں واقعات میں بنیادی فرق صرف یہ ہے کہ ایک میں کھلاڑی کی موت واقع ہوئی جبکہ دوسرے میں متاثرہ کھلاڑی محفوظ رہا۔
اس واقعے نے فٹبال میں حادثاتی ٹکر، کھلاڑیوں کی ذمہ داری اور کھیل کے دوران ہونے والے سنگین واقعات پر تادیبی کارروائی کے معیار سے متعلق نئی بحث چھیڑ دی ہے۔



