گلگت بلتستان: سیکریٹری اطلاعات نے صحافیوں سے ملاقات میں مثبت اور ذمہ دارانہ رپورٹنگ پر زور دیا
سیکریٹری اطلاعات گلگت بلتستان ثناء اللہ سے نیشنل نیوز پیپر ایسوسی ایشن کے صدر معراج عالم اور دیگر عہدیداران نے ملاقات کی، جس میں نیشنل میڈیا سے وابستہ صحافیوں کو درپیش مسائل، ان کی فلاح و بہبود اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر معراج عالم، صدر گلگت بلتستان یونین آف جرنلسٹس خالد حسین شاہ، امان بونجوی اور دیگر نمائندگان نے سیکریٹری اطلاعات کو نیشنل میڈیا، بالخصوص نیشنل نیوز پیپر سے وابستہ صحافیوں کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مالی و انتظامی مشکلات، سہولیات کی کمی اور ادارہ جاتی استحکام کے لیے درکار اقدامات پر روشنی ڈالی۔
ثناء اللہ نے نیشنل میڈیا کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ آئندہ دنوں میں گلگت بلتستان کے حوالے سے نیشنل میڈیا کی ذمہ داریاں مزید بڑھ جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ خطے میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے دوران مثبت اور ذمہ دارانہ کوریج وقت کی اہم ضرورت ہے، اور حکومت کے ترقیاتی اقدامات کو بھی مؤثر انداز میں اجاگر کیا جانا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان پاکستان کا خوبصورت اور پُرکشش چہرہ ہے، جہاں سیاحت کے فروغ کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ علاقے کے قدرتی حسن، خوبصورت سیاحتی مقامات اور صدیوں پر محیط ثقافتی ورثے کو مؤثر انداز میں اجاگر کرکے اسے عالمی سطح پر سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنایا جا سکتا ہے۔
آخر میں سیکریٹری اطلاعات نے صحافیوں پر زور دیا کہ وہ مثبت صحافت کے فروغ میں اپنا کردار ادا کریں اور معاشی بہتری، عوامی شعور اور علاقائی ترقی کے لیے ذمہ دارانہ رپورٹنگ کو فروغ دیں۔