یومِ آزادی : توپوں کی سلامی، ملک کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں
پاکستان کا 78 واں یومِ آزادی اور معرکۂ حق میں فتح کا جشن پورے ملک میں بھرپور ملی جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے۔ دن کا آغاز توپوں کی سلامی سے ہوا، جس کا مقصد شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور وطن عزیز کے ساتھ وفاداری کا اظہار تھا۔
لاہور میں صبح سویرے توپوں کی سلامی دی گئی، جبکہ شہریوں نے نمازِ فجر کے دوران وطن کی ترقی، خوشحالی اور یکجہتی کے لیے خصوصی دعائیں مانگیں۔
یومِ آزادی کے موقع پر ہر سال کی طرح اس بار بھی قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر گارڈز کی تبدیلی کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان نیول اکیڈمی کے چاق و چوبند کیڈٹس نے اعزازی گارڈز کے فرائض سر انجام دیے۔ یہ روایت ہر سال 14 اگست کو دہرائی جاتی ہے۔
اسلام آباد میں 31 اور چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی۔
اس سے قبل رات کے وقت ملک بھر کے شہروں، جن میں کراچی، لاہور، اسلام آباد، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ، حیدرآباد، کوئٹہ اور پشاور شامل ہیں، میں آسمان رنگ و نور سے جگمگا اٹھا۔ لاہور میں مینارِ پاکستان پر شاندار آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا جسے دیکھنے کے لیے ہزاروں شہری یادگارِ پاکستان پر جمع ہوئے اور ’’پاکستان زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔
ملک کے طول و عرض میں نوجوان سبز ہلالی پرچم، جھنڈیاں اور بینرز لیے سڑکوں پر نکل آئے۔ گلیاں، بازار، چوراہے اور شاہراہیں رنگ برنگی روشنیوں اور برقی قمقموں سے جگمگا رہی ہیں۔
یومِ آزادی اور معرکہ حق میں فتح کا جشن لاہور، کوئٹہ، کراچی، اسلام آباد سمیت ملک بھر میں بھرپور انداز میں منایا جا رہا ہے۔
مرکزی تقریب اسلام آباد میں منعقد ہوئی جس میں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر، اعلیٰ عسکری و سول قیادت، وفاقی وزرا، پارلیمنٹ کے اراکین اور مختلف ممالک کے سفراء سمیت بڑی تعداد میں شہریوں نے شرکت کی۔
تقریب میں پاک فوج، پاک بحریہ، پاک فضائیہ، پنجاب رینجرز اور ایف سی خیبرپختونخوا کے چاق و چوبند دستوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ تینوں مسلح افواج کے بینڈز نے حب الوطنی کے نغمے پیش کر کے شرکاء کا جوش و ولولہ مزید بڑھا دیا۔