سابق وزیراعظم آزاد کشمیر پی پی پی سے علیحدگی کے بعد استحکام پاکستان پارٹی میں شامل
آزاد جموں و کشمیر کے سابق وزیر اعظم سردار تنویر الیاس نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنے ساتھیوں سمیت استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔
سردار تنویر الیاس نے استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے اہم ملاقات کی، جس کے بعد آزاد جموں و کشمیر کی سیاست میں ایک اہم پیش رفت سامنے آئی۔
ملاقات کے بعد سردار تنویر الیاس نے باضابطہ طور پر استحکام پاکستان پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔ ان کے ہمراہ آزاد کشمیر کے وزیر زراعت چوہدری علی شان سونی نے بھی پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔
استحکام پاکستان پارٹی میں شامل ہونے والے دیگر رہنماؤں میں آزاد کشمیر کے سابق وزیر صحت انصار ابدالی اور وزیراعظم آزاد کشمیر کے سابق مشیر سردار افتخار رشید بھی شامل ہیں۔
استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا اور نئے شامل ہونے والے رہنماؤں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر سردار تنویر الیاس اور ان کے ساتھیوں نے عبدالعلیم خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے آزاد جموں و کشمیر میں سیاسی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔