اسلام آباد: ملک میں نئے صوبوں یا نئے انتظامی یونٹس کے قیام سے متعلق حکومتی اور حکمراں جماعتوں کی سطح پر مشاورت کے حوالے سے تاحال خاموشی برقرار ہے۔ نئے صوبوں کے قیام اور اس مقصد کے لیے ریفرنڈم کرانے سے متعلق وفاقی وزرا کے حالیہ بیانات کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی قیادت اور وفاقی حکومت نے اتحادی جماعتوں کے ساتھ ان معاملات پر اب تک کوئی باضابطہ مشاورت نہیں کی۔

نجی ٹی وی کی ایک تجزیاتی رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سمیت متعدد حکومتی شخصیات اس موضوع پر مختلف مواقع پر اظہار خیال کرچکی ہیں، تاہم پارٹی یا حکومتی سطح پر اب تک کسی باقاعدہ پالیسی کی تشکیل کا عمل سامنے نہیں آیا۔
اسحاق ڈار کی بھٹو بلاول سے ملاقات، چیئرمین پی پی نے مولانا فضل الرحمان کی رہائشگاہ پر چھاپے کا معاملہ اٹھایا
باخبر ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ سیاسی رہنماؤں کے درمیان ان تجاویز پر غیر رسمی گفتگو ہونے کا امکان ضرور موجود ہے، تاہم نئے صوبوں کے قیام یا عوامی رائے معلوم کرنے کے لیے ریفرنڈم کرانے کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) یا وفاقی حکومت کی جانب سے اب تک کوئی باضابطہ اجلاس منعقد نہیں کیا گیا۔ نہ ہی اس حوالے سے کسی منظم مشاورت یا فیصلہ سازی کی اطلاع سامنے آئی ہے۔
مسلم لیگ (ن) کے ایک سینئر رہنما نے بھی رابطہ کیے جانے پر تصدیق کی ہے کہ پارٹی کے اندر ان دونوں معاملات پر تاحال کوئی باضابطہ بحث نہیں ہوئی۔ اسی طرح حکومتی سطح پر بھی ایسی کسی مشاورت کا انعقاد نہیں کیا گیا جسے مستقبل کی سرکاری پالیسی یا کسی حتمی فیصلے کی بنیاد قرار دیا جاسکے۔
اس حوالے سے وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ سے حکومتی مؤقف جاننے کے لیے رابطہ کیا گیا، تاہم ان کی جانب سے کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے موضوع پر وزرا کے بیانات میں بڑھتی ہوئی سرگرمی کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے فی الحال خاموشی اور محتاط طرز عمل برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نئے صوبوں کے قیام اور ریفرنڈم سے متعلق جاری بحث میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال سمیت متعدد وفاقی وزرا اور دیگر سیاسی شخصیات کے بیانات بھی سامنے آچکے ہیں، جن میں اس معاملے پر مختلف آرا کا اظہار کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق بعض بااثر حلقے اس معاملے کو مزید آگے بڑھانے کے خواہاں ہیں اور حکومتی وزرا کے حالیہ بیانات کو بھی اسی دباؤ کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔ تاہم اب تک مسلم لیگ (ن) کی قیادت کی جانب سے کسی مخصوص حکمت عملی کی منظوری یا مجوزہ اقدامات کے آئینی اور سیاسی نتائج پر اتفاق رائے کا کوئی اشارہ نہیں ملا۔
مبصرین کا کہنا ہے کہ حکمراں جماعت اس معاملے پر محتاط رویہ اختیار کیے ہوئے ہے، جس کے باعث وہ فی الحال کسی واضح سرکاری یا سیاسی مؤقف کا اعلان کرنے سے گریز کر رہی ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق پارٹی اور حکومت کے اندر باضابطہ مشاورت نہ ہونے کے باعث یہ سوال بدستور موجود ہے کہ آیا وفاقی وزرا کے بیانات کسی ممکنہ حکومتی پالیسی کی ابتدا ہیں یا پھر نئے صوبوں اور ریفرنڈم سے متعلق ایسی بحث کا حصہ ہیں جسے بعض بااثر حلقے آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق جب تک مسلم لیگ (ن) کی قیادت اس معاملے پر باضابطہ غور کرکے کوئی فیصلہ نہیں کرتی، اس وقت تک نئے صوبوں کے قیام سے متعلق حکومت کا حتمی مؤقف غیر واضح رہے گا۔


