PM Apna Ghar Program

لاہور ہائیکورٹ کا قتل کیس میں عمر قید کے دو ملزمان کو بری کرنے کا حکم

0

لاہور ہائیکورٹ نے قتل کے مقدمے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے دو ملزمان قیصر اور شمشیر احمد کی عمر قید کی سزائیں کالعدم قرار دے دیں اور انہیں بری کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ جسٹس غلام سرور نہنگ نے ملزمان کی جانب سے دائر کریمنل اپیل پر فیصلہ سنایا۔ دونوں ملزمان کو ایڈیشنل سیشن جج کروڑ لعل عیسن، ضلع لیہ نے 2019 میں محمد اسلم کے قتل کے مقدمے میں عمر قید کی سزا سنائی تھی۔
کراچی: بین الصوبائی کار لفٹر گروہ کے 3 ملزمان گرفتار، اسلام آباد سے چوری کار بھی برآمد
عدالت نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ واقعے کے بعد ایف آئی آر کے اندراج میں غیر واضح تاخیر ہوئی، جبکہ مدعی کی جانب سے پولیس کو ہیلپ لائن 15 پر اطلاع دینے کا دعویٰ بھی عدالتی ریکارڈ سے ثابت نہیں ہو سکا۔ عدالت کے مطابق مقدمے کے اندراج میں تاخیر اور اس حوالے سے شواہد کی عدم وضاحت نے استغاثہ کے مؤقف کو مشکوک بنا دیا۔

Gas Leakage Web ad 2

فیصلے میں مزید کہا گیا کہ مدعی نے مقتول کو ہسپتال منتقل کرنے کے لیے استعمال ہونے والی گاڑی، خریداری کا سامان اور اپنے خون آلود کپڑے تفتیشی افسر کے حوالے نہیں کیے، حالانکہ یہ تمام اشیاء وقوعے کے وقت مدعی کی موجودگی اور مقدمے کے دیگر حقائق کی تصدیق کے لیے اہم شواہد ثابت ہو سکتی تھیں۔ عدالت کے مطابق ان اشیاء کو تفتیش کا حصہ نہ بنانا بھی مقدمے میں اہم سوالات کو جنم دیتا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں پوسٹ مارٹم میں پانچ گھنٹے سے زائد کی تاخیر، عینی شاہدین کے بیانات میں پائے جانے والے تضادات اور اسلحے کی برآمدگی سے متعلق شواہد کا بھی تفصیلی جائزہ لیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ فرانزک سائنس ایجنسی کی مثبت رپورٹ محض اپنی بنیاد پر ملزمان کی سزا برقرار رکھنے کے لیے کافی نہیں، خصوصاً اس صورت میں جب عینی شہادت قابلِ اعتماد نہ رہے اور مقدمے کے دیگر شواہد بھی شکوک و شبہات پیدا کر رہے ہوں۔

عدالت نے سابقہ دشمنی اور جائیداد کے تنازع کو بھی دو دھاری تلوار قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ عوامل ایک طرف قتل کے محرکات بن سکتے ہیں، تاہم دوسری جانب اس امکان کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا کہ ملزمان کو جھوٹے مقدمے میں ملوث کیا گیا ہو۔

جسٹس غلام سرور نہنگ نے قرار دیا کہ فوجداری مقدمات میں ملزم کے خلاف جرم کو شک و شبہ سے بالاتر ثابت کرنا استغاثہ کی ذمہ داری ہے۔ ملزم کو شک کا فائدہ دینے کے لیے متعدد شکوک و شبہات کا ہونا ضروری نہیں بلکہ ایک معقول شک بھی بریت کی بنیاد بن سکتا ہے۔ عدالت کے مطابق جب استغاثہ کی شہادت میں ایسے تضادات اور خامیاں موجود ہوں جو ملزم کے جرم میں ملوث ہونے کے حوالے سے معقول شک پیدا کریں تو ایسی صورت میں سزا برقرار رکھنا قانونی طور پر درست نہیں۔

عدالت نے ان قانونی اصولوں اور مقدمے میں سامنے آنے والے شواہد کا جائزہ لینے کے بعد دونوں ملزمان قیصر اور شمشیر احمد کی عمر قید کی سزائیں کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کرنے کا حکم دے دیا، جبکہ سزا میں اضافے کے لیے مدعی کی جانب سے دائر کریمنل ریویژن بھی خارج کر دی۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.