Gas Leakage Web ad 1

نئی دہلی؛ ایس سی او تہذیبی مکالمہ، مصدق ملک نے موسمیاتی تبدیلی کو تہذیبوں کا دشمن قرار دے دیا

0

موسمیاتی تبدیلی تہذیبوں کی دشمن ہے، وفاقی وزیر مصدق ملک کا نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تہذیبی مکالمے سے خطاب

Gas Leakage Web ad 2

وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک نے بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے پہلے تہذیبی مکالمے میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیبوں اور تاریخی ورثے کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔

نئی دہلی کے پرانا قلعہ میں منعقدہ ایس سی او تہذیبی مکالمے سے اردو میں خطاب کرتے ہوئے مصدق ملک نے کہا کہ غالب کی قبر سے چند کوس دور بیٹھ کر انگریزی میں بات کرنا انہیں عجیب محسوس ہوا، اسی لیے انہوں نے اپنے دل کی آواز اردو میں بیان کرنے کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ غالب کے دادا سمرقند سے آئے تھے اور یہیں دفن ہوئے تھے۔
پنجاب میں تھیٹر کے لیے نیا قانون , ثقافتی اصلاح یا فنکارانہ آزادی پر قدغن؟
وفاقی وزیر نے کہا کہ غالب خود کو فارسی کا بڑا شاعر سمجھتے تھے، لیکن دنیا انہیں اردو شاعری کی وجہ سے پہچانتی ہے۔ دہلی نے بھی غالب کے اندازِ بیان کو تسلیم کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی، لکھنو اور لاہور ادب، شاعری اور تہذیب کے اہم مراکز رہے ہیں۔

مصدق ملک کا کہنا تھا کہ آج یہاں تمام لوگ اپنی اپنی آواز اور شناخت کے ساتھ جمع ہوئے ہیں۔ دہلی باہر سے آنے والی تہذیبوں اور لوگوں سے کمزور نہیں ہوا بلکہ ان کے اثرات سے مزید مضبوط ہوا ہے۔

انہوں نے پرانے قلعے کی تاریخ بیان کرتے ہوئے کہا کہ اس کی بنیاد ہمایوں نے رکھی، جن کا تعلق تیموری خاندان سے تھا اور وہ وسطی ایشیا سے آئے تھے، جبکہ اس کی تکمیل شیر شاہ سوری نے کی، جن کا تعلق افغانستان سے تھا۔ ایک ہی قلعے کی تعمیر میں دو حریف حکمرانوں کا کردار تہذیبی تنوع کی عکاسی کرتا ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مکالمہ مختلف آوازوں اور شناختوں کے درمیان ہوتا ہے۔ آزادانہ خیالات اور تصورات کا تبادلہ ہی دانش مندی ہے اور اس تنوع کو اپنانے کے لیے حوصلے کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مختلف زاویوں سے دیکھنے کی ضرورت ہے۔ ہماری سرزمین کے نیچے وادی سندھ اور گندھارا کی تہذیب موجود ہے، جبکہ بدھ آرٹ شاہراہ ریشم کے ذریعے وسطی ایشیا اور چین تک پہنچا۔ اسلام آباد کے قریب واقع ٹیکسلا علم و دانش کا قدیم مرکز رہا ہے، جہاں سے فکری سفر کا آغاز ہوا۔ ہماری سرزمین میں پوری تہذیب سمائی ہوئی ہے۔

مصدق ملک نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کے بیشتر راستے شمال کی جانب جاتے ہیں، جہاں بخارا، سمرقند، وسطی ایشیا اور افغانستان کے ساتھ تاریخی روابط موجود ہیں۔ اسی طرح ہماری شاعری کے اثرات مشرق وسطیٰ اور ایران سے جڑے ہوئے ہیں۔ ہم مختلف تہذیبوں اور ثقافتوں کے امتزاج سے تشکیل پائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے تاریخی اور تہذیبی ورثے کے دروازے پوری دنیا کے لیے کھولے ہوئے ہے، کیونکہ یہ اللہ اور تاریخ کا عطا کردہ ایسا خزانہ ہے جس سے پوری انسانیت کو استفادہ کرنا چاہیے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ تہذیب کو آج ایک نئے خطرے کا سامنا ہے اور وہ موسمیاتی تبدیلی ہے۔ موسمیاتی تبدیلی ہماری تہذیب اور تاریخی ورثے کے لیے ایک بڑا خطرہ بن چکی ہے۔

دوسری جانب 2023 کے بعد بھارت کا دورہ کرنے والے پہلے پاکستانی وزیر مصدق ملک نے نئی دہلی میں مختلف ممالک کے وفود کے ساتھ بھی ملاقاتیں کیں۔ ایرانی تنظیم برائے ثقافت و تعلقات کے صدر ڈاکٹر محمد مہدی ایمان پور اور تاجکستان کی وزیر ثقافت ستوریون امون زادہ سے الگ الگ ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، ثقافتی تعاون اور مختلف شعبوں میں روابط کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.