Gas Leakage Web ad 1

یورپ میں فریج ہیکنگ: برطانیہ نے سائبر حملوں کا حل نکال لیا

0

یورپ میں سپر مارکیٹوں کے فریج اور فریزر پر سائبر حملوں کے بعد برطانیہ نے بھی اپنے تجارتی ریفریجریشن سسٹمز میں موجود سیکیورٹی خامی دور کردی ہے، جس سے ہیکرز کے لیے ان آلات تک رسائی کا خطرہ کم ہوگیا ہے۔

Gas Leakage Web ad 2

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق برطانوی سائبر سیکیورٹی ادارے نے سپر مارکیٹوں، گوداموں اور ریستورانوں میں استعمال ہونے والے تجارتی فریج اور فریزر کے آپریٹنگ سسٹمز میں موجود خامی دور کردی ہے۔ یہ اقدام یورپ کے مختلف ممالک میں حالیہ ہفتوں کے دوران ہونے والے سائبر حملوں کے بعد کیا گیا، جن میں فریج اور فریزر کے نظام متاثر ہوئے اور لاکھوں یورو مالیت کی خوراک ضائع کرنا پڑی۔

نومبر کے آغاز میں سویڈن سے بیلجیئم تک یورپ کے متعدد ممالک میں سائبر حملوں کی ایک لہر سامنے آئی تھی۔ اس سے پہلے اکتوبر میں فرانس میں بھی اسی نوعیت کا حملہ ہوا تھا، جس کے نتیجے میں سیکڑوں تجارتی مقامات متاثر ہوئے۔

ابتدائی طور پر خیال کیا جا رہا تھا کہ برطانیہ ان حملوں سے بڑی حد تک محفوظ رہا ہے، کیونکہ وہاں ریفریجریشن کی صنعت میں مختلف نوعیت کے آلات استعمال ہوتے ہیں۔ تاہم برطانوی ریٹیل اداروں کے ساتھ کام کرنے والے ماہرین نے نشاندہی کی کہ وہاں استعمال ہونے والے ریفریجریشن سسٹمز میں بھی ایک ایسی خامی موجود تھی جس سے ہیکرز فائدہ اٹھا سکتے تھے۔

برطانیہ کے نیشنل سائبر سیکیورٹی سینٹر (این سی ایس سی) کے ترجمان نے بتایا کہ ادارے کو معلوم ہوا تھا کہ چند برطانوی تنظیمیں اپنے سسٹمز میں موجود سیکیورٹی خامیوں کے باعث متاثر ہوسکتی ہیں۔ اس کے بعد ادارے نے فوری طور پر ممکنہ خطرے سے متعلق تنظیموں کو آگاہ کیا اور انہیں ضروری معاونت فراہم کی۔

رائٹرز کے مطابق برطانیہ میں ریفریجریشن سسٹمز کی سیکیورٹی خامی کی نشاندہی سائبر سیکیورٹی کنسلٹنٹس ادارے اومیگا سسٹمز نے کی تھی۔ بعد ازاں سائبر سیکیورٹی کمپنی پین ٹیسٹ پارٹنرز کے اخلاقی ہیکرز نے ان سسٹمز میں مزید کئی کمزوریاں تلاش کیں اور متعلقہ سیکیورٹی اداروں کو ان سے آگاہ کیا۔

ایتھیکل ہیکرز ایسے ماہرین ہوتے ہیں جو اجازت کے ساتھ کمپیوٹر سسٹمز اور نیٹ ورکس کی سیکیورٹی جانچتے ہیں تاکہ ان خامیوں کو مجرمانہ ہیکرز کے استعمال سے پہلے دور کیا جاسکے۔

پین ٹیسٹ پارٹنرز کے مطابق اس پورے آپریشن میں تقریباً تین ہفتے لگے اور اسے خفیہ رکھا گیا تاکہ ہیکرز کو پہلے سے خبردار نہ کیا جائے۔

سیکیورٹی خامی دور کرنے سے پہلے متاثرہ کمپنیوں نے اپنے فریج اور فریزر کو انٹرنیٹ پر براہ راست دستیاب ہونے سے روک دیا تھا اور ان آلات کو محفوظ بنانے کے اقدامات کو ترجیح دی تھی۔

این سی ایس سی نے بھی خوراک اور ریٹیل کے شعبوں سے وابستہ اداروں کو سیکیورٹی سے متعلق ہدایات فراہم کیں تاکہ وہ ممکنہ خطرات کم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرسکیں۔

یورپ میں فریج اور فریزر پر ہونے والے سائبر حملوں کے بعد مختلف ممالک کے سیکیورٹی اداروں نے تحقیقات شروع کی تھیں۔

جرمنی کے انفارمیشن سیکیورٹی ادارے نے خبردار کیا تھا کہ ڈنمارک کی کمپنی ڈینفوس کے تیار کردہ بعض صنعتی کولنگ آلات میں اب بھی سائبر حملوں کا خطرہ موجود ہے۔

دوسری جانب فرانسیسی انٹیلی جنس اور سائبر سیکیورٹی اداروں نے اکتوبر میں ہونے والے حملے کا الزام ایران کے پاسداران انقلاب پر عائد کیا تھا۔ فرانسیسی حکام کے مطابق اس حملے میں تقریباً 700 تجارتی مقامات کو نشانہ بنایا گیا اور ریفریجریشن سسٹمز کا درجہ حرارت بڑھائے جانے کے نتیجے میں 15 مقامات پر آگ لگنے کے واقعات بھی پیش آئے۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.