وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے ارکان صوبائی اسمبلی پیر محمد اشرف رسول اور خرم خان ورک نے ملاقات کی، جس کے دوران صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے شروع کیے گئے سماجی پروگراموں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ارکان صوبائی اسمبلی نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو ضلع شیخوپورہ کے عوامی مسائل، ضروریات اور درپیش مشکلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے شیخوپورہ میں جاری بیوٹیفکیشن منصوبوں پر عوام کے پرجوش ردعمل سے بھی وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا، جبکہ شہر میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے منصوبوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
معاشی ترقی کی باگ ڈور نجی شعبے کو دینا ہوگی: مشیر نجکاری محمد علی
اس موقع پر وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا کہ حکومت پنجاب کے ہر ضلع میں کیتھ لیب، چلڈرن ہسپتال اور کینسر سینٹر قائم کرنا چاہتی ہے۔ عوام کو ان کی دہلیز پر بہترین طبی سہولیات فراہم کرنا حکومت کا عزم ہے۔
مریم نواز شریف نے کہا کہ بیوٹیفکیشن منصوبوں کی تکمیل سے شہروں کی شکل و صورت تبدیل ہو گئی ہے۔ عوام کو بہتر شہری سہولیات فراہم کرنا اور شہروں کو خوبصورت بنانا حکومت کی اہم ترجیحات میں شامل ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی فلاح و بہبود، صحت کی سہولیات میں بہتری اور ترقیاتی منصوبوں کے ذریعے پنجاب کے تمام اضلاع میں یکساں ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔



