پروگرام کے تحت دیہات کی ترقی سے متعلق فیصلے وہاں کے رہائشی خود کریں گے۔ منصوبے کے تحت دیہی علاقوں میں پکی گلیاں تعمیر کی جائیں گی، ڈرینج سسٹم قائم کیا جائے گا، گندے پانی کے نکاس کے لیے جوہڑ بنائے جائیں گے اور سولر اسٹریٹ لائٹس بھی نصب کی جائیں گی۔ دیہی ترقی کے تمام منصوبے کوآپریٹو سوسائٹی ماڈل کے تحت مکمل کیے جائیں گے۔

پروگرام کے پہلے مرحلے میں 485 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز قائم کی جائیں گی، جبکہ دوسرے مرحلے کے دوران مزید 1500 دیہات میں کوآپریٹو سوسائٹیز تشکیل دی جائیں گی۔
وفاقی آئینی عدالت کا وراثت سے متعلق فیصلہ جاری
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پروگرام کے آغاز کے لیے 44 روز کی ڈیڈ لائن مقرر کردی ہے۔ اس مقصد کے لیے 29 سال بعد پنجاب میں کوآپریٹو سوسائٹیز پر عائد پابندی جزوی طور پر اٹھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
کوآپریٹو سوسائٹیز کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر کی سربراہی میں قائم پانچ رکنی تحصیل مانیٹرنگ کمیٹی کرے گی، جس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بھی شامل ہوں گے۔ اس کے علاوہ ہر کوآپریٹو سوسائٹی کے لیے پانچ رکنی مینجمنٹ کمیٹی تشکیل دی جائے گی، جس میں صدر، نائب صدر، جنرل سیکرٹری، خزانچی اور ایگزیکٹو ممبر شامل ہوں گے۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ حکومت ہر گاؤں کی ترقی کی ذمہ داری وہاں کے اپنے لوگوں کے ہاتھوں میں دینا چاہتی ہے۔ دیہات کے مکین کوآپریٹو سوسائٹی کے ذریعے اپنے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق فیصلے خود کرسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کوآپریٹو سوسائٹی کے نظام کے ذریعے دیہی علاقوں میں ترقی کے عمل کو پائیدار اور مؤثر بنانا چاہتی ہے۔



