ثانیہ مرزا نے ذاتی زندگی سے متعلق قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑ دی، اہم بیان سامنے آگیا
بھارتی ٹینس اسٹار نے ٹاک شو میں اپنی ازدواجی حیثیت واضح کردی، کہا میری زندگی میں فی الحال کوئی مرد نہیں، مستقبل کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتی۔
دبئی: سابق بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا نے اپنی ذاتی زندگی سے متعلق جاری قیاس آرائیوں پر خاموشی توڑتے ہوئے واضح کردیا ہے کہ وہ فی الحال سنگل ہیں اور ان کی زندگی میں کوئی مرد شامل نہیں۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ثانیہ مرزا نے نیہا دھوپیا اور انگد بیدی کے میزبانی کردہ ٹاک شو ’ڈبل ڈیٹ‘ میں اپنی قریبی دوست اور فلم ساز فرح خان کے ہمراہ شرکت کی، جہاں گفتگو کے دوران ان کی نجی زندگی اور ڈیٹنگ سے متعلق سوالات کیے گئے۔
میزبانوں کی جانب سے پوچھا گیا کہ کیا کبھی کسی نے انہیں کافی ڈیٹ پر چلنے کی پیشکش کی ہے؟ اس پر ثانیہ مرزا نے بتایا کہ ان کے مرد دوست اکثر انہیں سیر و تفریح اور سفر پر ساتھ چلنے کی دعوت دیتے ہیں، تاہم وہ انہیں ممکنہ رومانوی ساتھی کے بجائے اپنے دوستوں کی طرح سمجھتے ہیں۔
اس موقع پر فرح خان نے دلچسپ انکشاف کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے کچھ دوست اکثر ان سے رابطہ کرکے پوچھتے ہیں کہ کیا ثانیہ مرزا واقعی سنگل ہیں؟
اس سوال کے جواب میں ثانیہ مرزا نے واضح الفاظ میں کہا کہ ’’میری زندگی میں کوئی مرد نہیں ہے اور مجھے نہیں معلوم کہ مستقبل میں کوئی آئے گا بھی یا نہیں۔‘‘
ثانیہ مرزا کے اس بیان نے ان کی ذاتی زندگی سے متعلق جاری قیاس آرائیوں کو ایک بار پھر خبروں کا موضوع بنا دیا ہے۔
شعیب ملک سے علیحدگی کے بعد نجی زندگی
واضح رہے کہ ثانیہ مرزا اور پاکستانی کرکٹر شعیب ملک نے 2010 میں شادی کی تھی۔ 2018 میں ان کے ہاں بیٹے اذہان مرزا ملک کی پیدائش ہوئی۔
دونوں کا ازدواجی تعلق 2023 میں ختم ہوگیا، جس کے بعد شعیب ملک نے جنوری 2024 میں پاکستانی اداکارہ ثنا جاوید سے شادی کرلی۔
علیحدگی کے بعد ثانیہ مرزا نے اپنی نجی زندگی کو زیادہ تر میڈیا کی نظروں سے دور رکھا اور اپنی توجہ خاندان اور پیشہ ورانہ مصروفیات پر مرکوز رکھی۔
ٹاک شو میں ان کا حالیہ بیان اس بات کی وضاحت کرتا ہے کہ فی الحال وہ کسی نئے رشتے کا اعلان نہیں کر رہیں



