لاہور دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا، ایئر کوالٹی انڈیکس 451 ریکارڈ
شہر میں اسموگ کی شدت برقرار، نئی دہلی 230 اے کیو آئی کے ساتھ دوسرے نمبر پر آگیا، بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کو احتیاط کی ہدایت۔
لاہور میں فضائی آلودگی اور اسموگ کی صورتحال بدستور تشویشناک ہے، شہر ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر پر آگیا ہے۔

فضائی معیار کی نگرانی کرنے والے عالمی ادارے کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 451 ریکارڈ کیا گیا، جس کے باعث شہر کی فضائی کیفیت انتہائی مضرِ صحت قرار دی جارہی ہے۔
فضائی آلودگی سے متاثرہ شہروں کی فہرست میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی دوسرے نمبر پر رہا، جہاں ایئر کوالٹی انڈیکس 230 ریکارڈ کیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور میں 11 نومبر کو رات ایک بجے ایئر کوالٹی انڈیکس 501 تک پہنچ گیا تھا، جو فضائی آلودگی کی انتہائی خطرناک صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔
طبی ماہرین نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر بچوں، بزرگوں اور سانس کے امراض میں مبتلا افراد کو خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز اور باہر جاتے وقت حفاظتی ماسک استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔



