Gas Leakage Web ad 1

ایران کی نئی میزائل سٹی کا افتتاح، اگلی جنگ میں دشمن کو یکے بعد دیگرے سرپرائز دینے کا اعلان

ایرانی چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی کی امریکا اور اسرائیل کو دھمکی، کہا مسلح افواج ہر قسم کے خطرے کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں۔

0

ایران کے مسلح افواج کے چیف آف اسٹاف میجر جنرل علی عبداللہی نے پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کی نئی میزائل سٹی کے افتتاح کے موقع پر امریکا اور اسرائیل کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مستقبل میں کسی بھی جنگ کی صورت میں دشمن کو ایک کے بعد ایک حیران کن سرپرائز ملیں گے۔

Gas Leakage Web ad 2

ایرانی میڈیا کے مطابق میجر جنرل علی عبداللہی نے نئی میزائل سٹی کا افتتاح کیا اور اس موقع پر ایرانی مسلح افواج کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے ایرو اسپیس فورس کے اہلکاروں اور فوجی کمانڈرز کو ملک کے حقیقی ہیروز قرار دیا۔

ایرانی کمانڈر کا کہنا تھا کہ ایران نے اپنے دشمنوں کے خلاف لڑائی میں قابل ذکر کامیابی حاصل کی ہے۔ ان کے مطابق امریکا نے اپنی کسی دوسری جنگ میں اتنے ہی عرصے کے دوران اس قدر بڑی تعداد میں گولہ بارود اور جدید فوجی سازوسامان استعمال نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ جنگ میں دشمن کو یکے بعد دیگرے حیران کن سرپرائزز کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ان کے بقول جنگ میں کامیابی کا فیصلہ صرف جدید ہتھیاروں، گولہ بارود یا فوجی وسائل سے نہیں ہوتا بلکہ عوام کا اپنے ملک کے دفاع کے لیے عزم بھی بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے ایرو اسپیس فورس کے کمانڈر بریگیڈیئر جنرل سید ماجد موسوی کی قیادت اور فوجی اہلکاروں کے جذبے کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی جنگجوؤں اور کمانڈرز کے عزم نے مخالفین کو مشکلات سے دوچار کیا۔

ایرانی چیف آف اسٹاف کا مزید کہنا تھا کہ مسلح افواج کسی بھی دشمن کے سامنے ڈٹ کر کھڑی رہیں گی، خواہ اس کی فوجی طاقت اور صلاحیتیں کتنی ہی زیادہ کیوں نہ ہوں۔ ان کے مطابق مخالفین کے اندازے ایران کے فیصلوں اور دفاعی عزم کو متاثر نہیں کر سکتے۔

رپورٹ کے مطابق نئی میزائل سٹی پاسداران انقلاب کی ایرو اسپیس فورس کے میزائل انفرا اسٹرکچر کا ایک اور اہم حصہ ہے، جس کا مقصد میزائل یونٹس کی آپریشنل صلاحیتوں کو مضبوط بنانا اور ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے تیاری برقرار رکھنا ہے۔

میجر جنرل علی عبداللہی نے امریکا اور اسرائیل پر تنقید کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ دونوں ممالک نے اپنی فوجی صلاحیتیں آزمانے کے باوجود جنگ میں اپنے مقاصد حاصل نہیں کیے۔ انہوں نے کہا کہ ایران کو تباہ کرنے کی کوششیں ناکام ہوئیں اور مخالفین کو جنگ کے میدان میں بھاری نقصانات اٹھانا پڑے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ایران کی مسلح افواج مستقبل میں بھی ملک کے دفاع کے لیے پوری طرح تیار رہیں گی۔

نوٹ: امریکا اور اسرائیل کے خلاف جنگی کامیابیوں اور نقصانات سے متعلق بیانات ایرانی کمانڈر کے دعوے ہیں۔

sui northern 2
Leave A Reply

Your email address will not be published.