گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے کے عوام کے نام اہم پیغام میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے عوام صدارتی پروکلیمیشن کا خیرمقدم کرتے ہیں اور امن، استحکام، ترقی اور خوشحالی کے خواہاں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے عوام فیصلہ کر چکے ہیں کہ وہ مزید فتنہ الخوارج کا ساتھ نہیں دیں گے۔
خیبر پختونخوا کے حکومتی امور سے متعلق وفاقی حکمنامہ جاری، 11 رکنی مشاورتی کونسل قائم
انہوں نے کہا کہ عوام اپنے سکیورٹی اداروں کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر دہشت گردوں کے خلاف آخری دم تک لڑیں گے۔ صوبے کے عوام انتشار اور بدامنی کے بجائے پُرامن اور خوشحال مستقبل چاہتے ہیں، جبکہ دیگر صوبوں کے ساتھ برادرانہ تعلقات اور باہمی تعاون کے بھی خواہاں ہیں۔

فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ باہمی تجربات اور مشترکہ کوششوں کے ذریعے صوبے میں ترقی اور خوشحالی کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ عوام جمہوری اقدار کو فروغ پاتا اور ترقی کے ثمرات عام شہریوں تک پہنچتا دیکھنا چاہتے ہیں۔
گورنر خیبر پختونخوا نے مزید کہا کہ صوبے کے عوام امن پسند ہیں اور دہشت گردی یا پُرتشدد کارروائیوں کی ہرگز حمایت نہیں کرتے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ کسی بھی قسم کی قانون شکنی، اشتعال انگیزی اور دنگا فساد سے مکمل طور پر گریز کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ امن و امان خراب کرنے اور قانون ہاتھ میں لینے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔



