وزیراعلیٰ گلگت بلتستان کا بسین ورزے کے عوام کو زمینوں کی ملکیت دینے اور بنیادی مسائل حل کرنے کا اعلان
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور عوام کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل ہے۔ گلگت کے علاقے بسین ورزے (نور کالونی) میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت غربت، بے روزگاری اور محرومی کے خاتمے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

وزیراعلیٰ نے یقین دہانی کرائی کہ لینڈ ریفارمز ایکٹ پر عمل درآمد کے تحت بسین ورزے کے عوام کو جلد زمینوں کی ملکیت دی جائے گی۔ انہوں نے علاقے میں حفاظتی بند کی تعمیر، قبرستان کے لیے جگہ، سڑکوں کی میٹلنگ، پرائمری اسکول کے قیام اور بجلی کی فراہمی کے لیے پائپوں کی تنصیب جیسے مسائل حل کرنے کا بھی وعدہ کیا۔
امجد حسین کا کہنا تھا کہ عوام کو صحت، تعلیم، روزگار اور بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے قدرتی وسائل کو مؤثر انداز میں بروئے کار لا کر علاقے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
اساتذہ کے مسائل حل کرنے کے لیے ٹائم اسکیل اور ترقیوں کا عمل تیز کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ گلگت بلتستان امجد حسین کی زیر صدارت اساتذہ کے مسائل سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس ہوا، جس میں اساتذہ کے مسائل کے حل کے لیے قائم کمیٹی کی سفارشات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن کے گریڈ 1 سے 16 تک کے ملازمین کے لیے ٹائم اسکیل کی منظوری کا عمل آخری مراحل میں ہے، جبکہ اساتذہ کے بھرتی کے قواعد میں بھی اصلاحات کی جا رہی ہیں۔ سابقہ ادوار میں غیر قانونی طریقے سے کی گئی اپ گریڈیشنز اور ترقیوں کو مرحلہ وار واپس لینے کا عمل بھی جاری ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ اساتذہ کے بھرتی کے قواعد کو جلد حتمی شکل دی جائے اور ٹائم اسکیل پر عمل درآمد تیز کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ تمام ملازمین پر قوانین کا یکساں اطلاق ہونا چاہیے اور اساتذہ کو ترقیوں اور جائز مراعات کے حصول کے لیے دفاتر کے چکر نہیں لگانے پڑنے چاہییں۔ انہوں نے اساتذہ کی بروقت ترقیوں اور قانون کے مطابق مراعات کی فراہمی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔



