پاکستان ٹوبیکو بورڈ کا بڑا کریک ڈاؤن، گلگت میں غیر قانونی سگریٹ فیکٹری سیل
پاکستان ٹوبیکو بورڈ نے غیر قانونی تمباکو کی خرید و فروخت اور غیر قانونی سگریٹ سازی کے خلاف ملک گیر کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ محمد شاہد حسین کی ہدایت پر مانسہرہ اور گلگت میں کارروائیاں کی گئیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گلگت کے علاقے جگلوٹ میں ایک غیر قانونی سگریٹ فیکٹری اور تمباکو کا گودام سیل کر دیا گیا، جبکہ پہلی مرتبہ گلگت میں کسی سگریٹ فیکٹری کی موجودگی کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ کارروائی کے دوران سگریٹ بنانے کی مشینری، خام مال، ہزاروں کلو تمباکو اور متعلقہ ریکارڈ قبضے میں لے لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ فیکٹری میں "چیمپئن” برانڈ کے سگریٹ تیار کیے جا رہے تھے، جو رائل ٹوبیکو کمپنی صوابی کا رجسٹرڈ برانڈ بتایا جاتا ہے۔ حکام نے ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی ہے۔
چیئرمین پاکستان ٹوبیکو بورڈ محمد شاہد حسین کا کہنا ہے کہ کسانوں سے سستے داموں تمباکو خرید کر غیر قانونی سگریٹ بنانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تمباکو کی خرید، ترسیل، ذخیرہ اور تجارت کو قانون کے مطابق یقینی بنایا جائے گا تاکہ کاشتکاروں کے حقوق کا تحفظ اور قومی خزانے کو نقصان سے بچایا جا سکے۔