16ویں قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس، نومنتخب ارکان نے حلف ٹھا لیا
اسلام آباد(نیوزڈیسک)پاکستان کی سولہویں قومی اسمبلی کے افتتاحی اجلاس میں نو منتخب ارکان قومی اسمبلی حلف اٹھا لیا ہے جبکہ حلف برداری سے پہلے ایوان میں ن لیگ اور سنی اتحاد کونسل کے اراکین نے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی۔

جمعرات کو سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ اجلاس شروع ہونے پر سنی اتحاد کونسل کے اراکین قومی اسمبلی احتجاج کرنے سپیکر ڈائس کے سامنے آ گئے تاہم حلف برداری شروع ہونے پر اپنی نشستوں پر واپس آ گئے۔
حلف برداری کے بعد اب تمام ارکان باری باری سپیکر کے ڈائس کے ساتھ رکھے رجسٹر پر دستخط کر رہے ہیں۔
کامیاب آزاد امیدواروں نے سنی اتحاد کونسل نامی مذہبی جماعت میں شمولیت اختیار کی ہے لیکن تا حال انہیں مخصوص نشستیں الاٹ نہیں کی گئی ہیں۔
اسی بنیاد پر وفاقی حکومت اور صدر مملکت کے درمیان اجلاس بلانے کے معاملے پر تنازع بھی ہوا۔
صدر مملکت نے وزارت پارلیمانی امور کی سمری یہ کہہ کر مسترد کر دی تھی کہ ابھی ایوان مکمل نہیں ہے اس لیے اجلاس نہیں بلایا جا سکتا۔ تاہم وفاقی حکومت نے متبادل انتظام کے تحت وزیراعظم کی منظوری سے اجلاس بلانے کا اختیار سپیکر قومی اسمبلی کو دیا۔ جنہوں نے قومی اسمبلی کا اجلاس 29 فروری کی صبح 10 بجے طلب کیا۔
تاہم 28 فروری کی رات گئے صدر مملکت نے بھی تحفظات کے ساتھ اجلاس بلانے کی سمری پر دستخط کر دیے۔ یہ سمری انہیں نگراں وزیراعظم نے اس جواب میں بھیجی تھی جس کے تحت انہوں نے اجلاس بلانے سے انکار کیا تھا۔
آٹھ فروری کو ملک بھر میں عام انتخابات ہوئے جس میں تمام سیاسی جماعتوں نے حصہ لیا تاہم تحریک انصاف کو انٹرا پارٹی انتخابات قانون کے مطابق نہ ہونے کی وجہ سے انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ملی اور ان کے پاس انتخابی نشان موجود نہیں تھا۔
تاہم ان انتخابات کے نتیجے میں بڑی تعداد میں آزاد امیدوار کامیاب ہوئے تھے جنھیں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت حاصل تھی۔ تحریک انصاف کی جانب سے انتخابات میں دھاندلی کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے تاہم الیکشن کمیشن اور دیگر اداروں نے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے۔
تحریک انصاف جماعت اسلامی اور جمعیت علماء اسلام کا موقف ہے کہ انتخابات میں منظم دھاندلی کی گئی ہے اور فارم 45 پر جیتنے والے ارکان کی جیت کو شکست میں بدل دیا گیا ہے اور انہیں فارم 47 کے ذریعے کامیاب امیدوار ظاہر کیا گیا ہے۔
اس سے متعلق الیکشن کمیشن ہائی کورٹس اور دیگر فورمز پر متعدد شکایات بھی درج ہو چکی ہیں اور ان معاملات کی سماعت بھی جاری ہے۔
خود سابق وزیراعظم نواز شریف بھی مانسہرہ کی نشست پر ہارنے کے بعد الیکشن کمیشن آئے اور متعلقہ آر او پر دھاندھلی کا الزام عائد کیا۔ تاہم الیکشن کمیشن نے ان کی درخواست خارج کرتے ہوئے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار کو کامیاب قرار دیا ہے۔


