امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ امریکی بحریہ فوری طور پر آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی شروع کرے گی اور ایران کو ٹول ادا کرنے والے جہازوں کو بھی روکا جائے گا۔
ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر بیان میں کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ مذاکرات بغیر کسی معاہدے کے ختم ہو گئے، اگرچہ ’زیادہ تر نکات پر اتفاق ہو گیا تھا‘، تاہم ایران کے جوہری پروگرام پر اختلاف برقرار رہا۔
انہوں نے کہا کہ امریکی بحریہ جو دنیا کی بہترین بحریہ ہے فوری طور پر آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی اور یہاں سے میں داخل ہونے یا نکلنے والے تمام جہازوں کی ناکہ بندی کا عمل شروع کرے گی۔
ٹرمپ نے مزید کہا کہ انہوں نے بحریہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ بین الاقوامی پانیوں میں ہر اس جہاز کو روکے جس نے ایران کو ٹول ادا کیا ہو۔ ان کا کہنا تھا ’جو بھی غیر قانونی ٹول ادا کرے گا اسے کھلے سمندر میں محفوظ راستہ نہیں ملے گا‘۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ناکہ بندی کے بعد کسی بھی وقت ہم آبنائے ہرمز سے تمام جہازوں کو آنے جانے کی اجازت دینے کی بنیاد پر پہنچ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایران نے ایسا نہیں ہونے دیا اور کہا وہاں بارودی سرنگیں ہیں جس کے بارے میں ایران کے علاوہ کوئی نہیں جانتا، یہ عالمی بھتہ خوری ہے اور دیگر ممالک خصوصاً امریکا کبھی بھتہ نہیں دیں گے۔
امریکی صدر کا کہنا تھا کہ آبنائے ہرمز میں ایرانیوں کی بچھائی گئی سرنگوں کو بھی تباہ کرنا شروع کریں گے، ہم پر یا جہازوں پر حملہ کرنے والے ایرانیوں کو جہنم رسید کر دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران کی بحریہ اور فضائیہ ختم ہوچکی، طیارہ شکن نظام اور ریڈار ناکارہ ہوگئے، خامنہ ای اور ایران کے زیادہ تر رہنما دنیا میں نہیں رہے، یہ سب ایران کی جوہری خواہش کی وجہ سے ہوا۔
ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ جلد ناکہ بندی شروع ہو جائے گی اور دوسرے ممالک بھی اس ناکہ بندی میں شامل ہوں گے، ایران کو بھتا لینے کے غیرقانونی اقدام سے فائدہ اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی، ہم پوری طرح تیار اور مسلح ہیں، مناسب وقت پر ہماری فوج ایران میں جو کچھ بچا ہے ختم کر دے گی۔