اسلام آباد: پاکستان اور سعودی عرب جاری علاقائی کشیدگی کو پرامن طریقے سے حل کرنے اور اسے مسلم ممالک کے درمیان تصادم میں تبدیل ہونے سے روکنے کے لیے مشترکہ کوششیں کر رہے ہیں۔
حج پروازوں کے ملتوی ہونے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں: وزارت مذہبی امور
ذرائع کے مطابق یہ مفاہمت وزیر اعظم شہباز شریف کے سعودی عرب کے مختصر مگر اہم دورے کے دوران سامنے آئی، جس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔ پاکستانی وفد نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقات اور بات چیت کی، جس میں خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر فوری سفارتی اقدامات کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دونوں جانب اس بات پر اتفاق ہوا کہ مسلم دنیا میں تنازعات سے گریز کیا جائے اور صورتحال کو محاذ آرائی کی بجائے مذاکرات کے ذریعے حل کیا جائے۔ پاکستانی قیادت نے سعودی عرب کے ساتھ مضبوط یکجہتی اور اس کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے ساتھ کھڑا ہونے کا اعادہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اجلاس میں فیلڈ مارشل عاصم منیر جنگی یونیفارم میں شریک ہوئے، جس سے پاکستان کی سویلین اور عسکری قیادت کے متحد موقف کی علامت سمجھی گئی۔ سعودی ولی عہد نے پاکستانی وفد کے اعزاز میں خصوصی عشائیہ دیا، جس میں صرف وزیر اعظم، نائب وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل شریک تھے، اور یہ اقدام دونوں ممالک کے قریبی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
دونوں ممالک نے بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران دشمنی کم کرنے، مزید کشیدگی روکنے اور مسلم دنیا میں اتحاد کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔