لاہور: پاکستان کے دورے پر آئی آسٹریلوی کرکٹ ٹیم کے کپتان مچل مارش نے اعتراف کیا ہے کہ وہ پاکستان میں اس قدر سردی کی توقع نہیں کر رہے تھے، اسی وجہ سے مناسب گرم کپڑے ساتھ نہیں لا سکے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز 29 جنوری سے یکم فروری تک قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلی جائے گی۔ یہ سیریز دونوں ٹیموں کے لیے آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل تیاری کا بہترین موقع ہے۔
پاکستان اسٹیل ملز کے اثاثے چوری ہونے لگے، چوری سے بچانےکیلئے بعض اثاثوں کی نیلامی کا فیصلہ
لاہور پہنچنے کے بعد مچل مارش نے پریس کانفرنس میں کہا کہ یہ سیریز ورلڈ کپ کی تیاری کے لیے نہایت اہم ہے اور ان کی ٹیم مکمل طور پر تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بگ بیش لیگ کی مصروفیات کی وجہ سے کچھ کھلاڑی تھوڑا دیر سے پہنچے، لیکن ورلڈ کپ سے قبل سب اسکواڈ میں شامل ہو جائیں گے۔
مچل مارش نے واضح کیا کہ پیٹ کمنز، ٹم ڈیوڈ، جوش ہیزل ووڈ اور گلین میکسویل جیسے اہم کھلاڑی اس سیریز میں دستیاب نہیں ہوں گے، تاہم باقی ٹیم کے کھلاڑی مکمل تیاری کے ساتھ میچز کھیلنے کو تیار ہیں۔
آسٹریلوی کپتان نے کہا کہ پاکستان میں اتنی سردی کا اندازہ نہیں تھا، اسی لیے انہوں نے گرم کپڑوں کا مناسب انتظام نہیں کیا۔ مچل مارش نے کہا، "اب آئندہ کے لیے یہ بات ذہن میں رکھوں گا کہ پاکستان میں موسم سرد ہو سکتا ہے۔”