ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کے احکامات کی روشنی میں پورے صوبے میں ڈرائیونگ لائسنس کی فوری فراہمی اور ٹریفک قوانین کے سخت نفاذ کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک طرف شہریوں کو لائسنس کے حصول میں سہولت فراہم کی جا رہی ہے تو دوسری جانب قانون کی خلاف ورزی کرنے والے عناصر کے خلاف بھی بھرپور کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔
پنجاب یونیورسٹی میں مبینہ غیر قانونی درخت کٹائی، ٹمبر مافیا کی سرگرمیوں کا انکشاف
ترجمان ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 46 ہزار سے زائد شہریوں نے ڈرائیونگ لائسنس بنوانے کی سہولت سے فائدہ اٹھایا۔ ان میں سے 16 ہزار شہریوں نے لرننگ لائسنس بنوائے، 15 ہزار شہریوں نے ریگولر ڈرائیونگ لائسنس حاصل کیے جبکہ اسی دوران 15 ہزار شہریوں نے اپنے پرانے لائسنسوں کی تجدید بھی کروائی ہے۔
لائسنس کے اجراء کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا گیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبے بھر میں 35 ہزار سے زائد قانون شکن افراد کے خلاف کارروائیاں کی گئیں، جن میں بغیر لائسنس گاڑی چلانے والے 6 ہزار سے زائد شہری شامل تھے جنہیں بھاری جرمانے عائد کیے گئے۔
مزید تفصیلات کے مطابق 13 ہزار سے زائد بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل سواروں کے خلاف ایکشن لیا گیا جبکہ 500 سے زائد ایسی گاڑیوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے جو دھواں چھوڑ کر فضائی آلودگی کا باعث بن رہی تھیں۔ اس کے علاوہ 450 کم عمر ڈرائیورز کے چالان کرتے ہوئے ان کے والدین سے باقاعدہ بیانِ حلفی بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔
ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب وقاص نذیر کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی پاسداری کو 100 فیصد یقینی بنایا جا رہا ہے اور کسی بھی قسم کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے شہریوں سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ بھاری جرمانوں اور سخت قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے ٹریفک قوانین پر مکمل عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔