بالی ووڈ اداکار عامر خان نے اپنے وزن میں 18 کلوگرام کمی کا سہرا اینٹی انفلیمٹری ڈائیٹ کو دیا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزن کم کرنا ان کا بنیادی مقصد نہیں تھا، بلکہ یہ غذا انہوں نے مائیگرین (شدید سر درد) کے مسئلے کو کنٹرول کرنے کے لیے اپنائی تھی۔
عامر خان نے بھارتی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ غذائی تبدیلی سے نہ صرف ان کا وزن قدرتی طور پر کم ہوا، بلکہ مائیگرین کے دورے بھی نمایاں طور پر کم ہو گئے۔ انہوں نے اس تبدیلی کو "جادوئی اثر” قرار دیا۔
بسنت کے موقع پر لاہور میں ممکنہ 4 روزہ تعطیلات، ضلعی انتظامیہ کی تجویز
اگرچہ انہوں نے اپنی روزمرہ خوراک کی تفصیلی فہرست شیئر نہیں کی، مگر ان کا کہنا تھا کہ اینٹی انفلیمٹری ڈائیٹ نے ان کی مجموعی صحت پر واضح مثبت اثرات مرتب کیے ہیں۔
ماہرین کے مطابق، اینٹی انفلیمٹری ڈائیٹ میں تازہ سبزیاں، پھل، مکمل اناج، خشک میوہ جات اور صحت مند چکنائیاں شامل ہوتی ہیں، جبکہ پراسیسڈ غذاؤں، ریفائنڈ شکر اور نقصان دہ چکنائیوں سے پرہیز کیا جاتا ہے۔ ایسی غذا جسم میں سوزش کو کم کرتی ہے، جو مائیگرین، جوڑوں کے درد اور تھکن جیسے مسائل میں مفید ثابت ہو سکتی ہے۔