پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کے دورہ جنوبی افریقہ کے لیے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی اسکواڈز کا اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے تحت ٹیم 10 فروری سے اپنے دورے کا آغاز کرے گی۔ فاطمہ ثنا دونوں فارمیٹس میں ٹیم کی قیادت برقرار رکھیں گی، جبکہ سائرہ جبین اور ہمنہ بلال کو پہلی بار قومی اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، تسمیہ رباب اور نجیہہ علوی کی ون ڈے اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، منیبہ علی، نصرہ سندھو اور عالیہ ریاض دونوں فارمیٹس کے لیے دستیاب ہوں گی۔
متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں کو امیگریشن کلیئرنس کے حوالے سے بڑی خوشخبری مل گئی
ڈیانہ بیگ، نجیہہ علوی، صدف شمس اور سیدہ عروب شاہ کو صرف ون ڈے جبکہ ہمنہ بلال، سائرہ جبین، طوبیٰ حسن اور ایمان فاطمہ کو صرف ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 کی تیاریوں کے سلسلے میں یہ دورہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے، جس کے لیے پری سیریز ٹریننگ کیمپ یکم سے 6 فروری تک کراچی کے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں منعقد ہوگا۔ پاکستان ویمنز ٹیم پانچ سال بعد کسی دو طرفہ سیریز کے لیے جنوبی افریقہ کا رخ کر رہی ہے، اس سے قبل ٹیم نے فروری 2023 میں وہاں ورلڈ کپ میں شرکت کی تھی۔
دورے کے شیڈول کے مطابق ٹی ٹوئنٹی سیریز کے تمام میچز ڈے اینڈ نائٹ ہوں گے جو پوچف سٹروم، بینونی اور کمبرلے میں کھیلے جائیں گے۔ ون ڈے سیریز سے قبل کمبرلے میں 50 اوورز کا وارم اپ میچ ہوگا، جبکہ سیریز کے باقاعدہ میچز بلوم فونٹین، سینچورین اور ڈربن میں منعقد ہوں گے۔ ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ ڈے نائٹ رکھا گیا ہے۔ ٹیم کے کوچنگ اسٹاف میں مینٹور وہاب ریاض کے ہمراہ عمران فرحت، عبد الرحمن اور عبدالمجید شامل ہیں، جبکہ عائشہ اشعر ٹیم مینیجر اور رضا راشد کچلو میڈیا مینیجر کی ذمہ داریاں نبھائیں گے۔
ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ایمان فاطمہ، گل فیروزہ، ہمنہ بلال، منیبہ علی، نشرا سندھو، نتالیا پرویز، رامین شمیم، سعدیہ اقبال، سائرہ جبین، سدرہ امین، تسمیہ رباب اور طوبیٰ حسن شامل ہیں۔ اسی طرح ون ڈے اسکواڈ میں فاطمہ ثنا (کپتان)، عالیہ ریاض، عائشہ ظفر، ڈیانا بیگ، گل فیروزہ، منیبہ علی، نجیہہ علوی، نشرا سندھو، نتالیا پرویز، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین، سیدہ عروب شاہ اور تسمیہ رباب کو منتخب کیا گیا ہے۔