فافن نے ضمنی انتخابات مجموعی طور پر بہتر قرار دے دیئے
فافن نے ضمنی انتخابات مجموعی طور پر بہتر قرار دے دیئے
فافن نے 23 نومبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات سے متعلق اپنی رپورٹ جاری کی ہے جس میں مجموعی طور پر انتخابی انتظامات کو بہتر قرار دیا گیا ہے، جبکہ انتخابی مہم کی خلاف ورزیوں اور نتائج میں شفافیت کے خلا کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق ووٹرز ٹرن آؤٹ انتہائی کم رہا اور زیادہ تر حلقوں میں ٹرن آؤٹ 50 فیصد سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا۔ فافن کے 122 مبصرین نے 373 پولنگ اسٹیشنز کا مشاہدہ کیا۔
حکومت متحرک، مستحکم اور جامع کیپٹل مارکیٹ کے قیام کے لیے پُرعزم ہے، وزیر خزانہ
رپورٹ میں انتخابی ضابطہ اخلاق کی مختلف خلاف ورزیوں کا ذکر کیا گیا ہے۔ متعدد سیاسی جماعتوں کے کیمپس پولنگ اسٹیشنز کے بالکل قریب قائم تھے، جبکہ 49 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر ووٹرز کی آمد و رفت میں سیاسی جماعتوں کی جانب سے سہولت کاری دیکھنے میں آئی۔ رپورٹ کے مطابق 16 پولنگ اسٹیشنز کے اندر انتخابی مواد موجود تھا۔ خواتین، بزرگ اور معذور ووٹرز کے لیے انتظامات غیر یکساں پائے گئے، تاہم 93 فیصد پولنگ بوتھ پر ووٹنگ پرامن اور منظم رہی۔
فافن کے مطابق بعض بے ضابطگیوں کے واقعات بھی سامنے آئے جن میں ووٹرز کو ایکسپائرڈ شناختی کارڈ پر واپس بھیجنے کے واقعات شامل ہیں۔ 29 فیصد بوتھ پر معاون افسران نے بیلٹ پیپر پہلے سے سائن کیے، جبکہ 28 فیصد بوتھ پر بیلٹ پیپر پر پہلے سے اسٹیمپ لگانے کے معاملات رپورٹ ہوئے۔ مزید یہ کہ 6 پولنگ اسٹیشنز پر فارم 45 پولنگ ایجنٹس کو فراہم نہیں کیا گیا اور 43 فیصد پولنگ اسٹیشنز پر نتیجہ فارم پر ایجنٹس سے دستخط نہیں لیے گئے۔ 13 پولنگ اسٹیشنز پر مبصرین کو بھی فارم 45 فراہم نہیں کیا گیا۔