وزیراعظم کا صنعت و زراعت کے فروغ کےلیے بڑے معاشی پیکج کا اعلان
وزیراعظم کا صنعت و زراعت کے فروغ کےلیے بڑے معاشی پیکج کا اعلان
وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی صنعت و زراعت کے فروغ کے لیے "روشن معیشت بجلی پیکیج” کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت آئندہ تین سال کے لیے صنعتی اور زرعی شعبے کو رعایتی نرخوں پر اضافی بجلی فراہم کی جائے گی۔
اسلام آباد میں صنعتی و زرعی شعبے کے ماہرین اور کاروباری برادری کے وفد سے ملاقات کے دوران وزیرِ اعظم نے کہا کہ صنعتی شعبے کو 34 روپے اور زرعی شعبے کو 38 روپے فی یونٹ بجلی کی قیمت میں کمی کی جا رہی ہے۔ نومبر 2025 سے اکتوبر 2028 تک تین سال کے دوران یہ اضافی بجلی 22 روپے 98 پیسے فی یونٹ کی رعایتی قیمت پر دی جائے گی۔
تیونس کے قریب تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، 40 افراد ہلاک
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ اس پیکیج کا بوجھ نہ تو گھریلو صارفین پر ڈالا جائے گا اور نہ ہی کسی دوسرے شعبے پر اثر پڑے گا۔ انہوں نے وزیرِ توانائی سردار اویس لغاری اور ان کی ٹیم کی کوششوں کو بھی سراہا۔
شہباز شریف نے کہا کہ صنعت و زراعت کی ترقی کے بغیر معیشت مضبوط نہیں ہو سکتی، اور حکومت کاروباری آسانیوں اور خطے میں مسابقت بڑھانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی بحران سے استحکام تک کا سفر مشکل ضرور تھا، لیکن ٹیم ورک اور کاروباری برادری کے تعاون سے یہ ممکن ہوا۔ صنعت و زراعت کی ترقی سے پاکستان قرضوں سے نجات حاصل کر سکے گا۔
وزیرِ اعظم نے عزم ظاہر کیا کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے پاکستان جلد معاشی خودمختاری حاصل کرے گا۔