انڈونیشیا کا بڑا فیصلہ؛ غزہ میں امن فوج کیلیے 20 ہزار سے زائد اہلکار بھیجنے کا اعلان

0

انڈونیشیا کے صدر نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب میں غزہ کے لیے بڑی پیشکش کردی۔عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر پرابوو سوبیانتو نے دوٹوک انداز میں کہا کہ انڈونیشیا ہمیشہ عالمی امن مشنز میں نمایاں کردار ادا کرتا رہا ہے۔انھوں نے یہ پیشکش بھی کی کہ اگر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل یا جنرل اسمبلی فیصلہ کرتی ہے تو ہم اپنے 20 ہزار فوجی امن مشن کے ساتھ غزہ بھیجنے میں ہچکچاہٹ نہیں دکھائیں گے۔

انڈونیشیا کے صدر نے دوریاستی حل کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کے ساتھ ہی غزہ میں پائیدار امن ممکن ہے۔انھوں نے اس بات کی بھی حمایت کی کہ آزاد فلسطینی ریاست کے ساتھ ساتھ اسرائیل کو درکار سلامتی کی یقین دہانیاں بھی فراہم کی جائیں۔

صدر انڈونیشیا نے مزید کہا کہ امن کے قیام میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرعزم ہیں، غزہ کیعلاوہ بھی دنیا کے کسی خطے میں یہ فرض نبھا سکتے ہیں۔یاد رہے کہ امریکی میڈیا نے بھی دعوی کیا کہ ٹرمپ انتظامیہ بھی عرب اور مسلم ممالک کی افواج پر مشتمل امن دستہ غزہ میں تعینات کرنے کا حامی ہے۔ امریکا اس بار بھی متعدد بار کہہ چکا ہے کہ فلسطینی علاقوں میں اقتدار کی منتقلی اور تعمیرِ نو کے لیے مالی تعاون بھی فراہم کرنے کو تیار ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.